پٹنہ (ایس این بی):بہار اسمبلی انتخابات 2020 کے نتائج سامنے آنے کے بعد حکومت تشکیل کرنے کا عمل تیز ہوگیا ہے۔ اسی سلسلے میں آج پٹنہ میں وزیر اعلیٰ رہائش پر این ڈی اے کی اہم میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں نتیش کمار کو این ڈی اے کے لیڈر کی شکل میں منتخب کیا گیا۔ میٹنگ کے بعد نتیش کمار حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کرنے کے بعد راج بھون پہنچے اور ارکان اسمبلی کی حمایت کا لیٹر سونپنے کے بعد رہائش گاہ لوٹ آئے۔ اس کے ساتھ ہی نتیش کمار کل یعنی 16 نومبر کو 7 ویں بار وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لیں گے۔ذرائع کے مطابق کابینہ میں جے ڈی یو کے 7 اور بی جے پی کے 6 وزیروں کے علاوہ 10 نئے وزرا کا رہنا بھی طے ہے۔ بھلے ہی وہ پیر کوحلف لیں یا 20 نومبر سے پہلے ممکنہ اگلی توسیع میں شامل ہوسکتے ہیں۔ ایم ایل اے کے درمیان 36 محکموں کو تقسیم کرنے پر 3.47 ایم ایل اے پر ایک وزیر عہدہ دینے کی حالت ہے اور اس حساب سے بی جے پی 21 اور جے ڈی یو 13 وزیر کا دعویٰ کرسکتا ہے۔ کسی بھی حالت میں کم سیٹوں کی وجہ سے جے ڈی یو کو نقصان ہے۔
نتیش کمار کو وزیراعلیٰ کے طور پر منتخب کئے جانے کے بعد سبھی کی نظر ریاست کے اگلے نائب وزیراعلیٰ پر ہے۔ ریاست کے سابق نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی کے حالیہ ٹوئٹ کے بعد یہ واضح ہوگیاہے کہ بہار کو اس بار نیا نائب وزیراعلیٰ ملنے جارہاہے۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ بہار میں اس بار 2نائب وزیراعلیٰ ہوسکتے ہیں۔ اس دوڑ میںسب سے آگے بہار بی جے پی کے لیڈر تارکشور پرساد اور رینودیوی آگے چل رہی ہیں۔ بہار کی کٹیہار سیٹ سے جیت درج کرکے رکن اسمبلی بنے تارکشور پرساد کو اتوار کو بی جے پی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیاگیاہے۔ اس کے علاوہ رینودیوی کو بی جے پی قانون ساز پارٹی کا ڈپٹی لیڈر منتخب کیاگیاہے۔
ذرائع کا مزیدکہنا ہے کہ این ڈی اے کی حلیف جماعتوں نے قانون سا ز پارٹی کی میٹنگ میں وزیراعلیٰ عہدے کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا ، لیکن بعد میں بی جے پی کی درخواست پر وہ اس کیلئے راضی ہوگئے۔ مسٹر کمار نے خود نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہاکہ’میں وزیراعلیٰ بننا نہیں چاہتا تھا ۔ میں تو چاہتا تھا کہ بی جے سے کوئی وزیراعلیٰ بنے۔ بی جے پی کی درخواست کے بعد میں نے وزیراعلیٰ عہدے کو قبول کیا ہے ۔اس سے قبل این ڈی اے کی چاروں حلیف جماعتوں بی جے پی، جنتادل یونائٹیڈ (جے ڈی یو )،وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی)اور ہندوستانی عوام مورچہ(ہم)کے نو منتخب اراکین اسمبلی اور اراکین کونسل کی مشترکہ میٹنگ میں مسٹر کمار کو اتفاق رائے سے این ڈی اے کا لیڈر منتخب کرلیا گیا۔
اس کے بعد مسٹر کمار نے گورنر ہاؤس جاکر گورنر مسٹر پھاگو چوہان کو این ڈی کی چاروں حلیف جماعتوںکی جانب سے دی گئی حمایت سے متعلق خط کو سونپا اور حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا ۔گورنر مسٹر چوہان نے مسٹر نتیش کمار کے دعوے کو قبول کر لیا اور انہیں حکومت سازی کی دعوت دی۔ مسٹر کمار پیر کو شام 4.00سے 4.30کے دوران ساتویں مرتبہ وزیراعلیٰ عہدے کا حلف لیں گے۔ ان کے ساتھ کابینہ کے کچھ اراکین بھی حلف لیںگے اور اس میں حلیف جماعتوں کو بھی نمائندگی دی جائے گی۔
راج بھون میں ارکان اسمبلی کی حمایت کا لیٹر سونپنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں نتیش کمار نے یہ صاف کیا کہ کل شام وہ حلف لیں گے، لیکن انہوں نے نائب وزیراعلیٰ کون ہوگا؟ اس سوال کو ٹال دیا۔ ادھر مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ بھی نائب وزیراعلیٰ کے سوال کو ٹال گئے۔
ساتویں بار وزیر اعلی کے عہدے کے لئے نتیش کمار کی تاجپوشی، نائب وزیراعلیٰ کے عہدہ پر تذبذب برقرار
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS