نتیش کمار نے ریاست میں اساتذہ کے خالی عہدوں کو بھرنے کی ہدایت دی

0

پٹنہ، (یو این آئی): بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے محکمہ تعلیم کو ریاست کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کے خالی عہدوں کا فوری طور پر حساب لگانے اور انہیں بھرنے کا عمل شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔

مسٹر نتیش کمار نے آج ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ریاست میں اساتذہ کے خالی عہدوں کا حساب لگانے کے بعد، ان کی تقرری کا عمل ٹی آر ای-4 امتحان کے ذریعے شروع کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے بھرتی میں خواتین کو دیئے گئے 35 فیصد ریزرویشن کی تعمیل کرنے کی بھی ہدایت دی۔

بہار حکومت کے محکمہ تعلیم کی طرف سے جاری کردہ سابقہ اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں دو لاکھ سے زیادہ اساتذہ کے عہدے خالی ہیں، جن میں سے تقریباً 36 ہزار سیکنڈری اور 33 ہزار ہائر سیکنڈری سطح کے اساتذہ کے لیے ہیں۔ نئی تشخیص میں یہ ڈھائی لاکھ سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

بہار حکومت کے محکمہ تعلیم نے حال ہی میں نوٹیفکیشن جاری کیا تھا اور 7279 عہدوں کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں۔ ان میں سے 5534 پہلی سے پانچویں جماعت تک کے اساتذہ کے لیے ہیں اور 1745 چھٹی سے آٹھویں تک کے اساتذہ کے لیے ہیں۔ بہار پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ سلیکشن ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا، جس کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ 28 جولائی ہے۔ جلد ہی محکمہ تعلیم اساتذہ کے مزید 80000 خالی عہدوں کے لیے درخواستیں طلب کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایات کے بعد اس میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS