قیدیوں کی رہائی سے متعلق نئی تجاویز، معمولی تبدیلی کیساتھ حماس اپنے موقف پر قائم

0

دبئی(ایجنسیاں): حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے ممکنہ معاہدے میں پیش رفت کی اطلاعات کے بعد ایک نئے باخبر اسرائیلی ذریعے نے اس مسئلے کے حوالے سے تازہ انکشافات کیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حماس نے جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کے بارے میں وضع کردہ اپنے مطالبات اور شرائط میں کوئی بڑی لچک نہیں دکھائی۔ ذرائع نے واضح کیا کہ توقع ہے کہ ’سی آئی اے‘ کے ڈائریکٹر بل برنز کل جمعہ کو پیرس جائیں گے، جہاں وہ قطری، مصری اور اسرائیلی حکام سے قیدیوں کی رہائی کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں بات چیت کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کے اہلکار ماہ رمضان کے آغاز سے قبل یعنی 3 ہفتوں سے بھی کم وقت میں ایک معاہدے پر پہنچنا چاہتے ہیں تاکہ مقدس مہینے کے دوران عارضی جنگ بندی کو یقینی بنایا جا سکے۔ تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قیدیوں کے مجوزہ معاہدے کے حوالے سے اب بھی بڑے خلاء موجود ہیں۔ واشنگٹن کی طرف سے پیش کی جانے والی موجودہ تجویز کم از کم 6 ہفتوں تک لڑائی کے خاتمے کا باعث بنے گی۔ سب سے اہم نکتہ یہ ہے کہ رہا کیے جانے والے فلسطینی قیدیوں کی تعداد کے بارے میں اختلاف رائے اور پہلے مرحلے کے لیے فہرست کا تعین کیسے کیا جائے کہ تین مرحلوں پر مشتمل معاہدہ کیسے ہو سکتا ہے۔

سینیر اسرائیلی عہدیدار نے نشاندہی کی کہ حماس نے مصر کو اس تجویز کا “زبانی جواب” فراہم کیا، جس میں اس نے اپنے مطالبات میں “معمولی ترامیم” پر اتفاق کیا۔تاہم اہلکار نے اشارہ کیا کہ حماس کا نیا ردعمل کسی پیش رفت کی نشاندہی نہیں کرتا۔حماس نے اس ہفتے قاہرہ میں ہونے والے مذاکرات کے بارے میں تفصیلات کا اعلان نہیں کیا۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب العربیہ کے ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ تحریک کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی سربراہی میں قاہرہ کا دورہ کرنے والے حماس کے وفد نے غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے مصری حکام سے مشاورت شروع کی ہے۔ یہ بات اس وقت سامنے آئی جب فلسطینی دھڑوں کے ذرائع نے بدھ کو انکشاف کیا کہ مصری دارالحکومت میں غزہ کی پٹی میں امن کے لیے ایک نئے راستے پر بات کی جا رہی ہے، جس میں 45 دنوں کے لیے امن اور قیدیوں کی رہائی شامل ہے۔

غزہ سے باہر کے ذرائع نے عرب ورلڈ نیوز ایجنسی (AWP) کو بتایا کہ نئے راستے میں پہلے مرحلے میں عارضی جنگ بندی کے بعد مستقل جنگ بندی پر بات چیت کے لیے دوسرے مراحل تجویز کیے گئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ حماس نے حالیہ عرصے کے دوران بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ کسی ایسے معاہدے کو قبول نہیں کرے گی جس میں غزہ میں مکمل جنگ بندی اور پٹی سے اسرائیلی افواج کا مکمل انخلاء شامل نہ ہو۔دریں اثناء اسرائیل نے رفح پر اپنا حملہ روکنے کے بدلے میں 7 اکتوبر سے زیر حراست تمام قیدیوں کو رہا کرنے کی شرط رکھی ہے۔

مزید پڑھیں: منی پور ہائی کورٹ نے میتی کمیونٹی کو ایس ٹی میں شامل کرنے کے 2023 کے اپنے حکم کو منسوخ کر دیا

دونوں فریقوں کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا آخری معاہدہ گزشتہ نومبر کے اواخر میں طے پایا تھا، جس کے بعد 7 اکتوبر کو حماس کے زیر حراست 105 اسرائیلی قیدیوں کو رہا کیا گیا، جس کے بدلے میں اسرائیلی جیلوں سے 240 فلسطینی اسیران کی رہائی ہوئی۔جب کہ 130 اسرائیلی قیدی غزہ میں موجود ہیں، ان میں سے 30 کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ جنگ کے دوران مارے جا چکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS