نئے اراضی قوانین جموں و کشمیر کی ترقی کے لئے سنگ میل ثابت ہوں گے: منوج سنہا

    0

     جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ نئے اراضی قوانین یونین ٹریٹری کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی اراضی میں سے کسی باہری شخص کو ایک انچ بھی نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں نوجوانوں کو رزگار فراہم کرنے کے لئے سنجیدگی سے اقدام کئے جا رہے ہیں۔
    موصوف نے ان باتوں کا اظہار ایک نیوز چینل کے ساتھ اپنے ایک انٹریو کے دوران کیا ہے۔
    انہوں نے کہا: 'جموں و کشمیر میں 88 فیصد اراضی زرعی ہے اس میں سے باہر کے کسی بھی شخص کو ایک انچ بھی نہیں دی جائے گی۔ نئے اراضی قوانین جموں وکشمیر کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوں گے'۔
    ان کا کہنا تھا: 'ہم یہاں انڈسٹریل سٹیٹ بنانا چاہتے ہیں، آئی ٹی سٹی اور آئی ٹی پارک بنانا چاہتے ہیں تاکہ یہاں کے عام  لوگوں کو بھی پرائیویٹ سیکٹر کی تمام سہولیات میسر ہوں، انہیں بھی روزگار ہو، بہتر ہسپتال ہوں'۔
    مسٹر سنہا نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر میں نوجوانوں کو روز گار فراہم کرنے کے لئے سنجیدگی سے اقدام کر رہے ہیں۔
    انہوں نے کہا: 'جموں و کشمیر کی بے روزگاری کی شرح ملک کی بے روزگاری کی شرح سے دوگنا ہے۔ یہ یہاں پچھلے70  برسوں کی ناکامیوں کا نتیجہ ہے، ہم اس سلسلے میں سنجیدگی سے اقدام کر رہے ہیں، صنعتی کارخانوں کے قیام سے بے روزگاری دور ہوگی اور نئی انڈسٹریل پالیسی سے آنے والے تین برسوں میں وہاں سے تیس ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوگی'۔
    ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ سرکاری سطح پر مختلف محکموں میں گیارہ ہزار اسامیوں کو مشتہر کیا گیا ہے اور مزید تیرہ ہزار پوسٹس کو مشتہرکرنے کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔
     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS