نئی دہلی: شاہین باغ میں مظاہرے کے دوران اس وقت ہنگامہ برپا ہو گیا، جب خاتون مظاہرین کے درمیان برقع پہنے ایک خاتون بیٹھی ہوئی پائی گئی۔ ہنگامہ ہونے پر
پولیس موقع پر پہنچی اور برقع نشین کو اپنی گرفت میں لے کر گئی۔ شاہین باغ مظاہرہ میں اس طرح کا واقعہ پیش آنا کافی حساس معاملہ ہے کیونکہ گزشتہ دنوں میں
وہاں فائرنگ اور بی جے پی حامی بھیڑ کا ہنگامہ جیسے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ برقع میں مشتبہ عورت کے پکڑے جانے پر شاہین باغ میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔’این ڈی ٹی وی‘کی رپورٹ کے مطابق، خاتون کی شناخت گنجا کپور نامی خاتون کے نام پر ہوئی ہے۔ تاہم، خبر لکھے جانے تک پولیس کی طرف سے کوئی وضاحت پیش نہیں کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جب گنجا کپور اپنے آس پاس بیٹھی ہوئی خواتین سے لگاتار سوالات کر رہی تھی، جس کی وجہ سے خواتین کو اس پر شبہ ہوا۔ کچھ خاتون مظاہرین نے گنجا کی تلاشی لی اور دعوی کیا کہ اس نے اپنے کپڑوں میں کیمرا چھپایا ہوا تھا۔ اس کے بعد مظاہرے کے مقام پر ہنگامہ برپا ہوگیا۔ اس ہنگامے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی۔ ویڈیو میں گنجا کپور خاتون مظاہرین سے گھری ہوئی نظر آ رہی ہے، پولیس اپنی حفاظت میں خاتون کو باہر نکال رہی ہے اور خواتین سے پُر سکون ہونے کی اپیل کر رہی ہے۔ متعدد لوگوں نے سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو شیئر کیا ہے۔ لوگوں نے گنجا کپور کی اس حرکت پر سوال اٹھا نے شروع کر دیے ہیں۔ ٹوئٹر پر زیبا وارثی نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا،’گنجا کپور آپ کو کیا ہو گیا ہے؟ آپ نے برقع کیوں پہن رکھا ہے؟ امید ہے آپ خیریت سے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ شاہین باغ کی خواتین آپ کو بچا رہی ہیں۔‘گنجا کپور یوٹیوب چینل’رائٹ نیریٹیو‘چلاتی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی ٹوئٹر پر اسے فالو کرتے ہیں۔ مودی کے فالو کرنے کا اسکرین شاٹ بھی اس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لگایا ہوا ہے اور اسے وہ نئے سال کا تحفہ قرار دیتی ہے۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS