جموں: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے کہا کہ پاکستان کے خلاف پھر سے 'ایئر سٹرائیک' کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ بقول ان کے پڑوسی ملک سابقہ ایئر سٹرائیک بھول چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈرونز کا استعمال کر کے اسلحہ و گولہ بارود سرحد کے اس پار بھیجنے کی 'بیبہودہ حرکتیں' کر رہا ہے اور سکیورٹی فورسز پاکستان کو منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔
مشیر فاروق خان نے گذشتہ شام ضلع پونچھ کے مینڈھر میں نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا: 'ہمیشہ سے پاکستان کی طرف سے بیہودہ حرکتیں ہوتی رہی ہیں۔ ہماری سکیورٹی فورسز نے پاکستان کو ہمیشہ منہ توڑ جواب دیا ہے'۔
ان کا مزید کہنا تھا: 'ڈرونز کا استعمال کر کے اسلحہ و گولہ بارود سرحد کے اس پار بھیجنے پر بھی پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ پاکستان شاید آپریشن بالاکوٹ کا سبق بھول رہا ہے۔ ایسا ہی آپریشن لگتا ہے دوبارہ کروانا پڑے گا'۔
فاروق خان نے اپنے دورہ مینڈھر پر بات کرتے ہوئے کہا: 'یہ ایک ایسا علاقہ ہے جو سالہا سال سے پاکستان کی بیہودہ شرارتوں کا مقابلہ کر رہا ہے۔ بڑی دلیری سے کر رہا ہے'۔
ان کا مزید کہنا تھا: 'یہاں آکر یہاں کے لوگوں سے بات کرنا ضروری تھا تاکہ ہم دیکھیں کہ ان کی کیسے مدد کی جا سکتی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا چاہتے ہیں کہ دور دراز علاقوں کا دورہ کر کے لوگوں کو سنا جائے'۔
پاکستان کے خلاف پھر سے ‘ایئر سٹرائیک’ کرنے کی ضرورت: مشیر فاروق خان
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS