حیدرآباد: حیدرآباد کے طبی ماہر نے عوام سے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ماسک کا استعمال کریں اور سماجی دوری کو برقرار رکھیں۔ عثمانیہ اسپتال کے ماہر ڈاکٹر شراون کمار نے اس سلسلہ میں بیداری پیدا کرتے ہوئے کہا کہ وائرس اسی وقت پھیلتا ہے جب کسی متاثرہ شخص کوہاتھ لگانے کے بعد آنکھ،ناک اور منہ کو چھوا جائے۔ انہوں نے صفائی کو برقراررکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ہر شخص کو چاہئے کہ لاک ڈاون کے ختم ہونے تک چوکس رہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد صحت کے معمولی مسئلہ پر پریشان ہوکر کورونا وائرس سے متاثر ہوجانے کے خوف میں مبتلا ہورہے ہیں۔ کوروناوائرس کی علامات پائے جانے پر فوری ڈاکٹر سے رجوع ہوں۔ عام طور پر نمونیا کے مرض میں مبتلا افراد کو زیادہ بخار ہوتا ہے۔ ایسے مریضوں کا گاندھی اسپتال میں خصوصی وارڈ میں علاج کیا جارہا ہے۔ امراض قلب‘ڈیالیسس کروانے والے اور فالج سے متاثرہ افراد کو کوروناوائرس سے متاثر ہونے کا زائد خدشہ ہوتا ہے۔ چھوٹے بڑے کا تقابل کئے بغیر گھروں سے باہر نکلتے وقت ہر کوئی ناک‘منہ اور چہرہ کو مکمل طور پر ڈھانک لیں اور اس طرح کا مکمل ماسک استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں لاک ڈاون چل رہا ہے جس کے پیش نظر عوام کو حکومت کے احکام پر پابندی سے عمل کرنا چاہیے۔ کوروناوائرس پر قابو پانے کے لئے حکومت جو اقدامات کررہی ہے اس کے بہتر نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ اس لئے عوام کو گھروں میں ہی رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ سے مختلف امراض میں مبتلا افراد اس وائرس سے کافی چوکس رہیں۔ ڈاکٹروں کے صلاح و مشورہ کے بغیر ادویات کا استعمال نہ کریں۔ لاک ڈاون کے اوقات میں گھروں میں رہتے ہوئے اسے پھیلنے سے روکا جائے۔
کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ماسک کا استعمال کریں،طبی ماہرکی عوام میں بیداری
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS