سشانت سنگھ راجپوت کی آخری رسومات کے وقت ان کی بھابھی کا بھی انتقال

0

ممبئی: 2 روز قبل بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی خبرنے پوری بالی ووڈ انڈسٹری کو دنگ کردیا تھا۔ اکشے کمار، انوراگ کیشپ سمیت متعدد فنکاروں نے سشانت سنگھ کی موت پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا انہیں یقین نہیں آرہا کہ سشانت سنگھ راجپوت اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ سشانت سنگھ کے گھر والے بھی اس خبر پر یقین نہیں کرپارہے ہیں۔ ہندوستانی میڈیا کے مطابق سشانت سنگھ کے کزن کی اہلیہ سدھا دیوی اس صدمے کو برداشت نہ کرسکیں اور سشانت سنگھ کی موت کی خبر سن کر وہ بھی اس دنیا سے چل بسیں۔ ذرائع کے مطابق سدھا دیوی نے سشانت سنگھ کی خود کشی کی خبر سن کر کھانا پینا چھوڑدیا تھا اور انہوں نے اس وقت اپنی آخری سانس لی جب ممبئی میں سشانت سنگھ کی آخری رسومات ادا کی جارہی تھیں۔ واضح رہے کہ بالی ووڈ کے 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت 14 جون کی صبح ممبئی میں واقع اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ جب ان کے گھر کا دروازہ توڑا گیا تو ان کی لاش پھندے سے لٹکی ہوئی تھی۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد ان کی موت کو خودکشی قرار دیا ہے، تاہم مزید تفتیش کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔ ہندوستان سمیت دنیا میں موجود ان کے چاہنے والوں کو ابھی تک یقین نہیں آیا ہے کہ زندگی سے بھرپور سشانت سنگھ  اب ہمارے بیچ نہیں رہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS