چنڈی گڑھ: سابق مرکزی وزیر پون کمار بنسل نے نریندر مودی حکومت کی دوسری مدت کار کے ایک سال کو وقفہ صفر قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر 'زیرو آور' نام سے مہم کی شروعات کی ہے۔
بنسل نے آج یہاں جاری بیان میں الزام لگایا کہ ملک میں ہر جگہ لوگوں کی زندگی آج صفر نظر آرہی ہے اور سرکار کا کام صرف دو نعروں -اچھے دن اور خود کفیل (آتم نربھر) پر چل رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ تقریبا تین برسوں سے ملک کی معیشت بگڑتی جا رہی تھی اب اس کے پاؤں میں چھالے پڑے ہیں اور وہ اسپتال کے بستر پر ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ حکومت کے پاس نہ سوچ ہے نہ فکر اور نہ ہی بصیرت۔ كووڈ -19 کے سبب اقتصادی بحران سے نمٹنے کے لئے مودی حکومت کے 20 لاکھ کروڑ روپے کے اعلان میں بہت بڑے بڑے دعوے کئے گئے لیکن نکلا کچھ بھی نہیں اور مزدور، کسان، بے روزگار اور متوسط طبقہ سمیت كسی کے لئے کوئی راحت یا سماج کے تحفظ کی فراہمی کے لئے کچھ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ لاک ڈاون کی وجہ سے پیدا ہوئے حالات سے نمٹنے کے لئے نقد رقم کی ضرورت ہوگی کیونکہ منریگا کے تحت 7 کروڑ 65 لاکھ کارڈ ہولڈرز کو سو دن کا تو کیا 20 دن کا بھی کام نہیں ملا۔
بنسل نے کہا کہ 2011 کی مردم شماری کے مطابق دیہی علاقوں میں صرف 11 فیصد خاندان محروم زمرے سے باہر ہیں یعنی 89 فیصد خاندانوں کو حقیقی معنوں میں مدد کی ضرورت ہے، صرف پانچ کلو گرام اناج اور ایک کلو دال کافی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ نومبر 2016 کی نوٹ بندي، جولائی 2017 میں جی ایس ٹی اور اب چار گھنٹے کے نوٹس پر لوک بندی (لاک ڈاؤن) وزیر اعظم کے من مانے فیصلے ملک کے لیے نقصان دہ ہی ثابت ہوئے ہیں۔