نئی دہلی: ملک بھر میں کرونا وائرس کا قہرمسلسل بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ اس ہی دوران اتر پردیش میں کورونا سے پہلی موت کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس شخص کی موت گورکھپور کے بی آر ڈی میڈیکل کالج میں پیر کے روز ہوگئی تھی۔ جانچ میں ان کی تفتیشی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ ڈاکٹروں کا دعویٰ ہے کہ مریض کے اہل خانہ نے اس کے سفر کی تفصیلات ہمیں نہیں بتائیں۔اس کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ پولیس نے مقتول کے رہائشی علاقے کو سیل کردیا ہے۔ متوفی کے ساتھ رابطے میں آنے والے رشتہ داروں سمیت دیگر افراد کی شناخت کرلی گئی ہے۔ اس کے علاوہ گورکھپور کے بستی ڈسٹرکٹ اسپتال اور بی آر ڈی میڈیکل کالج کے ڈاکٹروں اور اسٹاف کی بھی شناخت کی جا چکی ہے اور ان کو کوارنٹائن کیا جارہا ہے۔ افسر اس بات سے پریشان ہیں کہ یہ شخص کتنے لوگوں کے رابطے میں آیا ہوگا اور اسے بریلی اسپتال میں داخل کروانے کے بعد کتنے افراد اس سے متاثر ہوئے ہوں گے۔ بستی ڈسٹرکٹ اسپتال کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ مریض 28 مارچ کو اپنے رشتہ داروں کے ساتھ اسپتال آیا تھا اور سانس لینے میں دشواری کی اطلاع دی تھی۔ بستی ضلعی اسپتال کے انچارج ڈاکٹر او پی سنگھ نے نامہ نگاروں کو بتایا، "مریض نے اپنے سفر سے متعلق معلومات ہمیں نہیں دیں۔ یہ مریض اور اس کے اہل خانہ کی غلطی ہے، وہ تقریباً ایک ماہ سے بیمار تھا۔ جس وقت مریض کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا ، اس وقت اسے بخار نہیں تھا۔ اسی وجہ سے ہم نے تفتیش کے بعد انہیں جنرل وارڈ میں داخل کر دیا تھا۔ اگر مریض یا اس کے اہل خانہ ہمیں بتا دیتے کہ وہ ممبئی سے واپس آیا ہے تو ہم اسے فوری طور پر کورونا وارڈ بھیج دیتے۔ "