منیش سسودیا نے مرکزی حکومت سے کیا 5 ہزار کروڑ کا مطالبہ، سی ایم کیجریوال نے بھی کی اپیل

0

نئی دہلی: عالمی وبا کورونا وائرس سے جنگ ​​لڑنے والی ریاستوں کے سامنے اب معاشی بحران پیدا ہوگیا ہے۔ دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے آج ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ دہلی حکومت کے سامنے ملازمین کی تنخواہوں کے حوالے سے بحران پیدا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت کو صرف تنخواہ کی ادائیگی اور عام اخراجات کے لئے 3500 کروڑ روپئے درکار ہیں۔ نائب وزیر اعلی کے مطابق، دہلی کو کل 7 ہزار کروڑ کی ضرورت ہے، انہوں نے مرکزی حکومت سے 5 ہزار کروڑ کا مطالبہ کیا ہے۔ منیش سیسودیا نے کہا کہ دہلی حکومت کو ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے لئے بھی رقم نہیں ملی ہے۔ نیز ٹیکس وصولی میں بھی 85 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ منیش سسودیا نے کہا کہ ہم نے فنڈ کا مطالبہ کرنے کے لئے وزیر خزانہ کو خط لکھا ہے۔ تاکہ ہم ان ڈاکٹروں، انجینئروں اور اساتذہ کو جو اہنی زندگی کی پرواہ کیے بغیر اس بحران میں کام کررہے تھے ان کی تنخواہ کی ادائیگی کرسکیں۔ منیش سسودیا کی اس اپیل پر سی ایم کیجریوال نے بھی ایک ٹویٹ میں مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ مرکزی حکومت سے التجا ہے کہ تباہی کی اس گھڑی میں دہلی کے عوام کی مدد کی جائے۔ منیش سسودیا نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند دکانوں کا اثر اب حکومت کے فنڈ پر بھی پڑ رہا ہے۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے گزشتہ دو مہینوں میں ٹیکس وصولی صرف 500 کروڑ روپے رہی ہے۔ دوسرے ذرائع سے 1735 کروڑ روپئے آئے ہیں جبکہ دو مہینوں میں دارالحکومت کو 7 ہزار کروڑ روپئے درکار ہیں۔ واضح رہے کہ کورونا کے پیش نظر ملک گیر لاک ڈاؤن کا چوتھا مرحلہ جاری ہے۔ یکم جون سے لاک ڈاؤن کا پانچواں مرحلہ شروع ہو جائےگا،جس کا اعلان گزشتہ روز وزارت داخلہ کی جانب سے کیا جا چکا ہے۔ 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS