خواجہ اجمیری کی شان میں گستاخی، اینکر کے خلاف کارروائی کرنے دارالعلوم دیوبند کا مطالبہ

    0

    حیدرآباد: علوم اسلامیہ کی عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند نے حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیریؒ کی شان میں ٹی وی 18نیوز چینل کے اینکر کی گستاخی کی مذمت کی ہے۔ مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی مہتمم دارالعلوم دیوبند نے اپنی دستخط سے جاری کردہ بیان میں کہا کہ معین الہند حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیریؒ کی شان میں نیوز 18کے اینکر نے نازیبا اور ہتک آمیز رویہ اختیار کیا ہے وہ حد درجہ باعث اذیت اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت اجمیری ؒ برصغیر ہند وپاک میں اسلامی تعلیمات اور انسانی اقدار کے عظیم داعی اور غیر متنازعہ روحانی پیشوا کے طورپر اپنی منفرد پہچان اور بلند مقام رکھتے ہیں۔ بلالحاظ مذہب و ملت بے شمار خلق خدا ان سے محبت وعقیدت رکھتی ہے۔ ٹی وی اینکر کے اس ہتک آمیز مذموم بیان سے ہر انسان کو قلبی اذیت پہنچی ہے اور یہ بھی متشرح ہوگیا ہے کہ فرقہ پرست عناصر کا نشانہ مدارس اسلامیہ کے بعد اب خانقاہی نظام اور درگاہیں ہیں۔ اس لئے اس واقعہ کی جس قدر بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ دارالعلوم دیوبند اس واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت ہند سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس چینل کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS