ہندوستان میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 8000 کے پار، 273 ہلاکتیں

0

نئی دہلی: ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (كووڈ -19) کے 900 سے زیادہ نئے معاملات درج کئے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد بڑھ کر 8356 ہو گئی اور اس دوران اس وبا سے 34 افراد کی موت ہو جانے سے مرنے والوں کی تعداد 273 تک پہنچ گئی ہے۔
 گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 909 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی اب تک اس وبا کے 8356 کیسزکی تصدیق ہوئی ہے جن میں 71 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔ ابھی تک کورونا وائرس سے متاثر 716 افراد صحت مند ہو چکے ہیں۔ 
وزارت صحت کی جانب سے آج بروز اتوار کی صبح جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس ملک کی 31 ریاستوں اور مراکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے۔ وائرس سے سب سے شدید متاثر مہاراشٹر ریاست ہے جہاں اب تک 1761 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور127 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ 
مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 افراد ہلاک ہوئے اور187 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرین
 کی تعداد کے معاملے میں دوسرے مقام پردہلی ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 166 نئے کیسز درج کئے گئے۔ کورونا وائرس سے 1069 لوگ اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور مرنے والوں کی تعداد 6 سے بڑھ کر19 ہو گئی ہے۔ اس کے بعد تمل ناڈو میں سب سے زیادہ 969 لوگ متاثر ہیں اورگزشتہ 24 گھنٹوں 
میں 2افراد کی موت کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔ مدھیہ پردیش میں بھی متاثرین  کی تعداد میں بڑا اضافہ دیکھا گیا اور وہ ہفتہ کے435 لوگوں کے مقابلے تقریبا 100 متاثر افراد کے اضافہ کے ساتھ یہ تعداد532 ہو گئی۔ ریاست میں مرنے والوں کی تعداد 3 سے بڑھ کر 36 ہو گئی ہے۔ 
تلنگانہ میں اب تک 504 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 9 افراد کی موت ہوئی ہے۔ کیرالہ میں 364 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور دو لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
راجستھان میں ایک دن میں 147 لوگ متاثر ہوئے اور یہ تعداد بڑھ کر 700 ہو گئی ہے اور اب تک تین افراد کی موت ہوئی ہے۔ ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں 452 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ پانچ لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ 
جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں 381 اور کرناٹک میں 214 لوگ متاثر ہیں اور چھ چھ افراد کی موت ہوچکی ہے۔ 
مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد 207 ہے اور 4 افراد  کی موت ہو چکی ہے۔ 
گجرات میں 432 لوگ متاثر ہیں اور 22 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گجرات میں 124  افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔ 
اس کے علاوہ پنجاب میں 11، مغربی بنگال میں پانچ، ہریانہ میں تین اور بہار،  اڑیسہ،  ہماچل پردیش اورآسام میں ایک ایک شخص کی اس وبا سے موت ہوئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS