اے پی کے وزیراعلی نے وائی ایس آر رعیتو بھروسہ سنٹرس کا افتتاح کیا

    0

    حیدرآباد: اے پی کے وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے وائی ایس آر رعیتوبھروسہ سنٹرس کا افتتاح کیا، جس کامقصد مواضعات میں کسانوں کو زرعی خدمات فراہم کرنا ہے۔ وزیراعلی نے اپنے تاڑے پلی کے کیمپ آفس سے رسمی طور پر ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ان سنٹرس کا افتتاح کیا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے اس سنٹرس کے ذریعہ کسانوں کو مختلف خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ ان مراکز کا اہم مقصد پیداوار میں اضافہ میں کسانوں کی مدد کرنا،تمام کے لئے غذائی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ ہر سنٹر میں زراعت اور اس سے ملحقہ شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے اسسٹنٹس ہوں گے جو گاؤں میں کسانوں کی مدد کریں گے۔ کسانوں کو معیاری تخم، کھاد اور کیڑے مار دوا فراہم کی جائے گی۔ ان کی اراضیات کی جانچ کا کام بھی کیاجائے گا۔ ماہرین سے رائے حاصل کی جائے گی کہ کس طرح کی زمین میں کس طرح کی فصل اگائی جائے جو فائدہ مند ہوگی۔ ان سنٹرس کے ذریعہ قدرتی اور نامیاتی طریقہ کار تجاویز پیش کی جائیں گی تاکہ کھاد اور کیڑے مار دوا کے استعمال کو کم سے کم کیا جاسکے۔ ان مراکز سے ملحقہ اگری شاپس میں کسانوں میں بیداری پیدا کی جائے گی اور ان کو کاشتکاری کی تکنیک،کیڑے مار دوا کے استعمال کو کم کرنے اور مارکٹنگ کی تکنیکوں کے بارے میں تربیت فراہم کی جائے گی۔ ان مراکز کے ذریعہ کسانوں کو تخم بونے سے لے کرفصل اگانے اور زرعی پیداوار کی مارکٹنگ کے سلسلہ میں مدد دی جائے گی۔ ہر ضلع میں اسپیشل جوائنٹ کلکٹر کی تقرری کی جائے گی تاکہ کسانوں کی مدد کی جاسکے۔ ان مراکز کی خاص بات یہ ہوگی کہ ان میں زراعت اور اس سے متعلق شعبہ جات کی تمام اشیا اور خدمات کسانوں کے لئے دستیاب رہیں گی۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS