سری نگر: وادی کشمیر میں کورونا سے متعلق ایک اور شخص کی منگل کی علی الصبح موت واقع ہونے سے جموں وکشمیر میں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 47 ہوگئی ہے۔
بتادیں کہ وادی کشمیر میں پیر کے روز کورونا میں مبتلا پانچ مریضوں کی موت درج ہوئی تھی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقے سے تعلق رکھنے والے کورونا میں مبتلا 52 سالہ پیشے سے ایک ڈرائیور کی یہاں ہسپتال برائے امراض سینہ میں موت واقع ہوئی۔
متوفی ڈرائیور کے اہل خانہ نے ایک مقامی خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ متوفی ایک آٹو ڈرائیور تھے اور ایک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد 19 مئی سے شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال سری نگر میں داخل تھے جہاں سے دو روز قبل ان کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سی ڈی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ منگل کی علی الصبح قریب پانچ بجے ان کی موت واقع ہوئی۔
دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ بارہمولہ جی این ایتو نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آٹو ڈرائیور کی موت کورونا وائرس سے واقع ہوئی ہے اور اس کی کووڈ پروٹوکال کے عین مطابق تدفین ہوگی۔
اس 52 سالہ شخص کی موت کے ساتھ جموں و کشمیر میں کورونا میں مبتلا مرنے والوں کی تعداد 47 ہوگئی ہے۔
وادی کشمیر میں ضلع سری نگر اب تک 12 اموات کے ساتھ سر فہرست ہے اس کے بعد ضلع بارہمولہ 10 اموات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ ضلع اننت ناگ میں چھ، کولگام میں چار، شوپیاں اور کپوارہ میں تین تین، بڈگام میں دو، پلوامہ اور بانڈی پورہ میں ایک ایک مریض کورونا میں مبتلا ہوکر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
کشمیر: کورونا میں مبتلا ایک اور مریض کی موت، اموات کی کل تعداد 47 ہوئی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS