دہلی میں مسلسل کورونا کیسز میں اضافہ،ایک ہی عمارت کے 44 لوگ کورونا پازیٹو  

0

نئی دہلی: دہلی میں کورونا وائرس انفیکشن کے کیسز میں مسلسل تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ دہلی کے کاپس ہیڑا علاقہ میں ایک ہی عمارت میں 44 افراد کووڈ-19 سے متاثر پائے گئے ہیں۔ دوسری جانب تغلق آباد ایکسٹینشن میں کنٹینمنٹ زون میں 15 نئے کورونا مثبت معاملات سامنے آئے ہیں۔ دراصل 18 اپریل کو دہلی کےکاپس ہیڑا میں واقع ایک گھر میں ایک کورونا کیس سامنے آیا تھا۔ گنجان آباد علاقے کے پیش نظر انتظامیہ نے 19 اپریل کو اس علاقے کو سیل کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس کے بعد یہاں سے 95 افراد کے نمونے 20 اپریل اور 80 افراد کے نمونے 21 اپریل کو لئے گئے اور این آئی بی ، نوئیڈا بھیجے گئے تھے۔ مجموعی طور پر 175 افراد کے نمونے میں سے آج 67 افراد کے نمونوں کی رپورٹ سامنے آئی ہے۔ جس میں سے 44 افراد کو کورونا سے متاثر پایا گیا ہے۔ غور طلب ہے کہ 175 افراد کے نمونے بھیجے گئے تھے ، جن میں سے 67 کی اطلاع دی گئی ہے ، یعنی 10-11 دن میں رپورٹ آئی ہے، وہ بھی مکمل نہیں ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں کورونا کے پیش نظر جاری لاک ڈاؤن میں3 مئی کے بعد مزید 2 ہفتوں کی توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS