علاقہ میوات سے متصل ضلع فریدآباد کے گونچی میں اکثریت فرقہ کے لوگوں کے ذریعہ اقلیتی فرقہ سے تعلق رکھنے والے ایک 19 سالہ مسلم نوجوان عبدالواحد کو جان سے مارنے کا معاملہ روشنی میں آیاہے ۔ پولیس معاملے کی چانچ کررہی ہے ،مگر قتل کے پیچھے پرانی رنجش بتائی جارہی ہے۔ چار ماہ قبل بھی اسی علاقہ میں ایک اور مسلم نوجوان کا قتل ہوا تھا ۔ مسلم فرقہ کے لوگوں پر مسلسل ہورہی وارداتوں کے بعد علاقہ کی مسلم عوام میں زبردست خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ غورطلب ہے کہ ضلع فریدآباد کے جیون نگر میں رہنے والے عبدالواحد و پرویز احمد سنجے کالانی گونچی میں کئی سالوں سے دودھ کی ڈیری کا کاروبار کرتے ہیں ۔ پڑوس میںہی دوسرے فرقہ کے لوگوں کی بھی ڈیری ہے۔ گذشتہ دنوں ایک بھینس کی خرید فروخت کو لیکردونوں فرقہ کے لوگوںمیںکچھ کہا سنی ہو گی تھی ۔بتایا جارہا ہے کہ اسی کہاسنی کے چلتے گذشتہ پیر کواکثریت فرقہ کے نصف درجن لوگوں نے پرویز و اس کے چھوٹے بھائی عبدالواحد کو ڈیری میں اکیلا دیکھ کر لاٹھی و ڈنڈوں سے حملہ بول دیا جس میں بڑے بھائی پرویز تو کسی طرح وہاں سے بچ کر نکل گئے ،مگرچھوٹے بھائی عبدالو احد کی شرپسندوں نے لاٹھی و ڈنڈوں زبردست پٹائی کی جس میں عبدالواحد کی شدید چوٹیں آئی ۔ جس کے بعد عبدالواحد کو سروودیا اسپتال سیکٹر ۔8 میںبھرتی کیا گیا، مگر حالت نازک ہونے کی وجہ سے اسے وہاں سے میدانتااسپتال گروگرام کے لیے ریفر کر دیا گیا جہاںپر آج اس نے اپنی آخری سانس لی ۔پورے معاملے میںپیش پیش رہے علاقہ کے فعال عالم دین و جمعیۃ علماء ضلع فریدآباد کے صدر مولانا جمال الدین نے بذریعہ فون نمائندے کو بتایا کہ پولیس معاملے کو دبانا چاہتی تھی اور مقدمہ درج کرنے میںآنا کانی کررہی تھی،مگر جمعیۃ علماء ضلع فریدآباد کے کارکنان و علاقہ کے سرکردہ شخصیات کے دھرنہ شروع کرنے و بھوک ہٹتال کی انتباہ کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ جس کے بعد عبدالواحد کو گونچی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا ۔مولانا زاہد نے نماز جنازہ ادا کرائی جس میں سینکڑں لوگوں نے شرکت کی ۔وہیں تھانہ گونچی انچارج مہیندر سنگھ نے بتایا کہ ہم نے پرویز احمد کی شکایت پر مختلف دفعات کے تحت گورو، امت، منوج ، یوگیش و 2 دیگر سمیت کل 6 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ انہوںنے بتا یا کہ علاقہ میں پوری طرح سے امن امان ہے اور پھر بھی احتیاطا ًمعاملہ کو فرقہ وارانہ رنگ نہ دیا جائے علاقہ میں پولیس کی گشت کو بڑھا دیاگیا ہے ۔