گیان واپی:بند تہہ خانوں کے سروے کے مطالبہ پر مسلم فریق کا اعتراض داخل

0

وارنسی (پی ٹی آئی):گیان واپی مسجد احاطہ میں بند تہہ خانوں کا تالا کھلوا کر سروے کرانے کے ہندو فریق کے مطالبہ پر مسلم فریق نے بدھ کو وارانسی کی ضلع عدالت میں اپنا اعتراض داخل کیا۔ عدالت نے معاملے کی سماعت کے لیے 11 نومبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔ ضلع سرکاری وکیل مہیندر پانڈے نے بتایا کہ ہندو فریق نے گیان واپی مسجد احاطہ کے بند تہہ خانوں کا تالا کھلوا کر ان کا سروے کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس پر مسلم فریق کے وکیلوں نے عدالت کے سامنے اپنا اعتراض پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہندو فریق کے وکلا نے اس پر اپنا جوابی اعتراض پیش کرنے کے لیے عدالت سے وقت دینے کا مطالبہ کیا۔ پانڈے نے بتایا کہ ہندو فریق کی ایک مدعی راکھی سنگھ کے وکیل نے گیان واپی احاطہ میں ملنے والے لکشمی گنیش کے مجسمہ کو محفوظ کرنے کے مطالبہ کے لیے عدالت کے سامنے درخواست دی تھی۔ اس پر مسلم فریق کے وکلا نے اپنا اعتراض پیش کرنے کے لیے عدالت سے وقت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ہندو فریق کے وکلا نے 17 مئی کو عدالت کے سامنے درخواست دے کر گیان واپی مسجد احاطہ میں بند پڑے تہہ خانوں کو کھلوا کر ان کا سروے کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔ عدالت نے مسلم فریق کو اس سلسلے میں اعتراض درج کرنے کے لیے وقت دیا تھا۔ عدالت کی سابقہ سماعت کے دوران مسلم فریق نے اپنا اعتراض پیش کرنے کے لیے مزید وقت کا مطالبہ کیا تھا۔ جس پر عدالت نے مسلم فریق پر 100 روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا۔ راکھی سنگھ اور دیگر نے سول جج (سینئر ڈویژن) کی عدالت میں ایک عرضی داخل کر کے شرنگار گوری کے مستقل درشن پوجن اور دیوتاﺅں کی سیکورٹی کا حکم دینے کی اپیل کی تھی۔ عدالت کی ہدایت پر گزشتہ اپریل-مئی میں ویڈیو گرافی-سروے کرایا گیا تھا۔ اس دوران گیان واپی مسجد کے وضو خانہ میں ایک ڈھانچہ ملا تھا۔ ہندو فریق نے اسے ’شیو لنگ‘ ہونے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ مسلم فریق نے اسے فوارہ قرار دیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS