ممبئی، (یو این آئی) : ممبئی ہائی کورٹ کی ہدایات کے بعد شہر کی پولیس نے لاؤڈ اسپیکر پر اذان دیئے جانے کے معاملے میں ممبئی میں پہلی ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ پولیس نے یہ کارروائی صوتی آلودگی کے قواعد کی مبینہ خلاف ورزی پر کی ہے۔
یہ مقدمہ ماہم کے ونجواڑی حنفی سنی مسجد کے ٹرسٹی شاہنواز خان اور مؤذن ہادیس خان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، مؤذن نے فجر کی نماز کے وقت لاؤڈ اسپیکر سے اذان دی تھی، جس کے بعد پولیس نے بھارتیہ نیائے سہنتا (بی این ایس) کی دفعہ 223 کے تحت کارروائی کی – جو کسی سرکاری ملازم کے حکم کی نافرمانی سے متعلق ہے۔
شکایت ایک پولیس کانسٹیبل نے درج کرائی جسے ایک ویڈیو موصول ہوئی تھی، جس میں اذان کے دوران لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کو ریکارڈ کیا گیا تھا۔ کانسٹیبل کے مطابق، جب مؤذن سے وضاحت طلب کی گئی تو کوئی اطمینان بخش جواب نہیں ملا۔
واضح رہے کہ بامبے ہائی کورٹ نے رواں سال جنوری میں اپنے حکم میں کہا تھا کہ لاؤڈ اسپیکر کا استعمال کسی بھی مذہب کے لیے لازمی مذہبی عمل نہیں سمجھا جا سکتا۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت دی تھی کہ وہ شور کی سطح سے متعلق ضابطوں کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کرے۔
اس معاملے پر بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ کریٹ سومیا نے بھی قبل ازیں ایک مہم چلائی تھی، جس میں انہوں نے پولیس سے ان مساجد کے خلاف تعزیری کارروائی کا مطالبہ کیا تھا جو لاؤڈ اسپیکر سے اذان نشر کرتی ہیں۔