7 فٹ 8 انچ قد کے محمد اعجاز کا 45 سال عمر میں انتقال

0

بھکر (ایجنسی) طویل القامت پاکستانی انتقال کر گئے، محمد اعجاز کی عمر 45 سال تھی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع بھکر کے رہائشی اور پاکستان کے طویل القامت شخص ہونے کے دعویدار محمد اعجاز انتقال کر گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع بھکر کی تحصیل دریاخان سے تعلق رکھنے والے محمد اعجاز طویل علالت کے بعد بدھ کے روز انتقال کر گئے ۔ مرحوم 7 فٹ 8 انچ قد کے مالک تھے، انتقال کے وقت ان کی عمر 45 سال تھی۔ بتایا گیا ہے کہ 18سال کی عمر میں محمد اعجاز کا قد بڑھنا شروع ھوا اور 10 سال بعد 28 سال کی عمر تک ان کا قد 7فٹ 8 انچ تک پہنچ کے رک گیا ۔ محمد اعجاز کے والد نے 2 شادیاں کی تھیں، 10 بہن بھائیوں میں محمد اعجاز کا دوسرا نمبر تھا۔ باقی بہن بھائی قد کے حوالے سے نارمل ہیں، جب کہ محمد اعجاز قد کے لحاظ سے پاکستان کے طویل القامت شخص قرار دیے جانے لگے۔
اہل خانہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ محمد اعجاز کے رہن سہن کے لیے گھر میں ہر چیز خصوصی طور پر بنائی گئی تھی۔ ان کے کمرے کے دروازے کی لمبائی 8 فٹ تھی جب کہ ان کی چارپائی کی لمبائی بھی 8 فٹ تھی ۔ محمد اعجاز شلوار قمیض بطور لباس استعال کرتے تھے، ان کا لباس 22 میٹرکپڑے میں تیار کرایا جاتا تھا ۔ اپنے طویل قد کی وجہ سے محمد اعجاز نے کافی شہرت حاصل کی اور لوگ دور دراز سے ان کے ساتھ تصاویر بنانے کیلئے آتے تھے۔ اہل خانہ کے مطابق انتقال سے قبل آخری دنوں میں مرحوم محمد اعجاز کے لیے اٹھنا بیٹھنا بے حد مشکل ہو گیا تھا، وہ کافی عرصے تک علیل رہے اور پھر بدھ 6 اکتوبر کو اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS