مدر آف ڈانس: بالی ووڈ کوریوگرافر سروج خان

    0

    ممبئی  : بطور چائلڈ آرٹسٹ کیریئر کا آغاز کرکے بالی ووڈ کے سبھی اسٹارزکو اپنی ردھم پر نچانے والی سروج خان نے بطورکوریوگرافر اپنی مضبوط شناخت بنائی۔
    22 نومبر 1948 کو پیدا ہونے والی سروج خان کا حقیقی نام نرملا ناگپال ہے۔ سروج خان نے صرف تین سال کی عمر سے بطورچائلڈ آرٹسٹ فلموں میں کام کرنا شروع کردیا تھا۔ ان کی پہلی فلم نذرانہ تھی جس میں  انہوں نے شیاما نامی لڑکی کا کردار ادا کیا تھا۔
    پچاس کی دہائی میں سروج نے بیک گراؤنڈ ڈانسرکی حیثیت سے کام کرنا شروع کیا۔ سروج نے مشہوررقاص بی سوہن لال سے کتھک منی پوری،کتھاکلی،بھرت ناٹیم وغیرہ جیسے رقص کی  تربیت حاصل کی  اور محض 13 سال کی عمر میں انہوں نے 41 سالہ سوہن لال سے شادی کرلی۔ سوہن لال پہلے ہی شادی شدہ تھے اور چاربچوں کے باپ تھے۔
    ایک انٹرویو میں سروج خان نے بتایا کہ جب ان کی شادی ہوئی تھی اس وقت وہ اسکول جاتی تھیں۔ انہیں شادی کے معنی نہیں معلوم تھے۔ماسٹر سوہن لال نے ان کے گلے میں ایک  دھاگہ باندھ دیا۔ انہیں لگا کہ انکی شادی ہوگئی ہے۔ سروج خان نے 1974 میں ریلیزفلم گیتا میرا نام میں بطور آزاد کوریوگرافر کام کرنا شروع کیا۔
    سال 1986 میں ریلیزفلم 'نگینہ' سروج خان کے  فلمی کیریئر کے لئے ایک اہم فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم میں سروج نے’مین تیری دشمن‘نغمہ کے لئے سری دیوی کی کوریوگرافی کی جو زبردست ہٹ ثابت ہوئی اور اسی گانے کی وجہ سے انہوں نے فلم انڈسٹری میں اپنی شناخت بنائی۔ اس کے بعد سروج خان نے 1987 میں سپرہٹ فلم مسٹر انڈیا کا گانا ’’ہوا ہوائ اور کاٹے نہیں کٹتے دن یہ رات ‘میں ایک بار پھر سری دیوی کی کوریوگرافی کی کو کافی پسند کی گئی۔
     ان کی جوڑی سری دیوی اوربعد میں مادھوری دکشت کے ساتھ بہت جمی۔ بالی ووڈ میں شاید ہی ایسا کوئی بڑا اسٹار ہو جسے سروج نے رقص نہیں کرایا ہو۔ ہرکسی کو اپنی ردھم پرڈانس کرانے والی سروج آج کل پورے ملک میں ڈانس ماسٹر کے نام سے مشہور ہیں۔
    سروج خان نے بالی ووڈ میں دو ہزار سے زیادہ گانوں کی کوریوگرافی کی۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں وجینتی مالا،سادھنا،شرمیلا ٹیگور،ہیلن،زینت امان، وحیدہ رحمن سے لے کر ریکھا،سری دیوی،مادھوری ڈکشٹ،کرشمہ،ایشوریہ رائے،کرینہ کپوراور سنی لیونی جیسی اداکاراؤں کو رقص کی تعلیم دی۔
    سروج خان پہلی  کوریوگرافرتھیں جنھیں فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔سروج خان سے قبل فلم فیئر ایوارڈ میں کوریوگرافروں کو نہیں نوازا جاتا تھا۔ ڈانسنگ ڈیوا سروج خان پہلی کوریوگرافربنیں جنہیں فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیاسروج خان اپنے فلمی کیریئر کے دوران آٹھ مرتبہ بہترین کوریوگرافر کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازی گیئں۔ انہیں تیزاب،چالباز،سیلاب،بیٹا،کھلنائک،ہم دل دے چکے صنم ، دیوداس اور گرو کے لئے فلم فیئر ایوارڈز دیئے گئے تھے۔ اس کے علاوہ سروج خان کو دیوداس،سرنگارم اور جب وی میٹ جیسی فلموں کے لئے نیشنل ایوارڈز بھی ملے۔ سروج خان امریکن کوریوگرافی ایوارڈ بھی جیت چکی ہیں۔ وہ متعدد رئیلٹی شوز میں بطور جج بھی رہ چکی ہیں جن میں نچ بلئے، استادوں کے استاد ،نچلے ود سروج خان،  بوگی ووگی شامل ہیں۔
     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS