گذشتہ 24 گھنٹوں میں 300 سے زیادہ طالبان عسکریت پسند ہلاک

0
hindustan

کابل : (یو این آئی) افغانستان کے مختلف صوبوں میں حکومتی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلوں کے دوران 300 سے زیادہ طالبان عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔
افغانستان کی وزارت دفاع نے ہفتے کو یہ اطلاع دی۔ پاکستانی اخبار ’ڈان‘کی رپورٹ کے مطابق وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف صوبوں میں 300 سے زائد طالبان دہشت گردوں کو مار گرایا۔
افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں ہفتے کے اوائل میں متعدد فضائی حملوں میں سینکڑوں عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ ہلمند میں طالبان عسکریت پسندوں اور سرکاری سکیورٹی فورسز کے مابین باقاعدہ جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔
ہلمند کی صوبائی کونسل کےرکن عطا اللہ افغان نے کہا’’حالیہ دنوں میں افغان فضائیہ نے طالبان کے ٹھکانوں پر فضائی حملے تیز کردیئے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں‘‘۔
طالبان نے افغان حکومت کے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکہ نے یکم مئی سے اپنے تقریبا 2500 فوجیوں کی واپسی کا عمل شروع کردیا ہے، تب سے دور دراز دیہی علاقوں میں افغان فوج اور طالبان عسکریت پسندوں کے مابین جھڑپیں تز ہوگئی ہیں۔ طالبان عسکریت پسندوں نے متعدد اضلاع میں سرکاری فوج کو نشانہ بناتے ہوئے بھی حملے کیے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS