نئی دہلی: ہندوستانی معیشت کو بہتر بنانے کے حکومتی اقدامات پر بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی طرف سے تبصرہ کیے جانے کے بعد کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ معیشت کے محاذ پر مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔
راہل گاندھی نے آج ٹویٹ کیا کہ "مودی حکومت ہندوستانی معیشت کو سنبھالنے کے لئے جو کوششیں کر رہی ہیں، ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے انہیں فضلہ یعنی ردی کے درجہ سے صرف ایک قدم اوپر قرار دیا ہے"۔ غریبوں اور خورد، چھوٹی و درمیانی صنعتوں (ایم ایس ایم ای) کو مدد نہیں ملنے کا مطلب یہ ہے کہ آنے والے دنوں میں صورتحال بہت خراب ہونے والی ہے۔
بعد میں کانگریس کے ترجمان سنیل جاکھڑ نے پریس کانفرنس میں راہل گاندھی کے تبصرے کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر کہا کہ راہل گاندھی نے سچائی کو سامنے رکھ دیا ہے۔ اس میں کچھ بھی غلط یا شک نہیں ہے۔ حکومت کی قیادت مغرور ہاتھوں میں ہے اور اسے کانگریس اسی طرح سے حقیقت کی تصویر دکھاتی رہے گی۔
خیال ر ہے کہ عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پیر کے روز ہندوستان کی معیشت سے متعلق اپنی رپورٹ میں اسے "بہت خراب حالت " قرار دیا ہے اور حکومت کی طرف سے 20 لاکھ کروڑ روپے کے پیکیج کے اعلان کے باوجود، حکومت کی کوششوں کو بے اثر قرار دیا ہے