راجوری میں ایل او سی پر پاکستانی فائرنگ سے فوجی اہلکار ہلاک

    0

    جموں: جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے سندربنی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اورپاکستان کی فوج کے درمیان منگل کی شام ہونے والی گولہ باری کے تبادلے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے فوجی اہلکار کی شناخت نائیک انیش تھامس کے بطور ہوئی ہے۔
    بتادیں کہ راجوری کے سندر بنی سیکٹر میں ایل او سی پر منگل کی شام ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے میں ایک فوجی میجر اور ایک فوجی جوان زخمی ہوئے تھے جنہیں اکھنور میں قائم ایک ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔
     دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دویندر آنند نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سندربنی سیکٹر میں ایل او سی پرمنگل کی شام پاکستانی فوج نے بلااشتعال گولہ باری کی جس کے نتیجے میں شدید طور پر زخمی ہونے والا نائیک انیش تھامس زخموں کی تاب نہ لا کر موت کی آغوش میں چلا گیا۔
    تھامس کو ایک بہادر اور مخلص فوجی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر کے سرحدوں پر طرفین کے درمیان گزشتہ تین برسوں کے دوران زائد از ساڑھے آٹھ ہزاربارجنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
    وزارت امور داخلہ نے جموں کے ایک کارکن کی طرف سے دائر ایک آر ٹی آئی کے جواب میں انکشاف کیا ہے کہ یکم جنوری 2018 سے سال رواں کے ماہ جولائی تک جموں و کشمیر میں سرحدوں پر پاکستان نے 8 ہزار 5 سو 71 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
    سال 2003 میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پانے کے باوجود بھی جموں و کشمیر کے سرحدوں پر طرفین کے درمیان آئے روز کی  گولہ باری کے تبادلے سے سرحد کے آرپار کی بستیوں کے لوگوں کا جینا دو بھر ہو کے رہ گیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS