میسی سب سے زیادہ آمدنی کے معاملے میں پہلی پوزیشن پر

0

نیو یارک (یو این آئی )
فٹ بال کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے سب سے زیادہ آمدنی کے معاملے میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے ۔ وہ ارب پتی کھلاڑیوں کے کلب میں بھی شامل ہو گئے ہیں۔ ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے ایف سی بارسلونا کے یہ فارورڈ کھلاڑی اب تک ایک بلین ڈالر سے زائد کما چکے ہیں۔
امریکی جریدے ’فوربس‘ کے مطابق میسی اب تک 840 ملین یورو یا ایک ارب ڈالر سے زائد کی رقم کما چکے ہیں۔ وہ صرف اس سال ہی 126 ملین ڈالر کمائیں گے جن میں سے 92 ملین ڈالر انہیں ہسپانوی فٹ بال کلب ایف سی بارسلونا کی طرف سے کھیلنے کی وجہ سے ملیں گے ۔ یہی نہیں انہیں رواں برس مختلف اداروں کے ساتھ کمرشل اسپانسرشپ معاہدوں کی وجہ سے بھی تقریباً 34 ملین ڈالر کی آمدنی ہو گی۔
ہندوستانی کھلاڑیوں کی آمدنی کے بارے میں بات کریں تو صرف وراٹ کوہلی اکیلے ہی ٹاپ 100 میں شامل ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان کوہلی 66 ویں نمبر پر ہیں جن کی کمائی 26 ملین ڈالر (تقریبا ً196 کروڑ روپے )   ہے ۔کوہلی مسلسل چوتھے سال سب سے زیادہ کمانے والے 100 کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل رہے ہیں۔ ہندوستانی کپتان 2019 میں مجموعی آمدنی 173.3 کروڑ روپے کے ساتھ 100ویں نمبر پر تھے ۔ وہ2018 میں 161 کروڑ روپے کی آمدنی کے ساتھ 83 ویں اور 2017 میں 141 کروڑ روپے کے اثاثے کے ساتھ 89 ویں نمبر پر تھے ۔
’فوربس‘ نے لکھا ہے کہ لیونل میسی دنیا کے ایسے صرف چوتھے کھلاڑی ہیں جو ایک اسپورٹس مین کے طور پر اپنے کیریئر کے دوران ہی کھیل سے ہونے والی آمدنی کے باعث ارب پتی بنے ہیں۔ ان سے پہلے اتنی زیادہ مالی کامیابی حاصل کرنے والے تین کھلاڑیوں میں سے دو کا تعلق امریکہ سے تھا اور ایک کا پرتگال سے ۔ان امریکی کھلاڑیوں میں سے ایک عالمی شہرت یافتہ گولفر ٹائیگر ووڈز تھے اور دوسرے باکسنگ کے پیشہ ور چمپیئن کھلاڑی فلائڈ مے ویدر۔ میسی سے پہلے ارب پتی بننے والے فٹ بالر پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو تھے جو کھیل کے میدان میں میسی کے اہم ترین حریفوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔
باسکٹ بال کے لیجنڈ سمجھے جانے والے امریکی کھلاڑی مائیکل جارڈن بھی ارب پتی تو بن گئے تھے مگر انہوں نے یہ منفرد اعزاز ایک پیشہ ور باسکٹ بالر کے طور پر اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد حاصل کیا تھا۔تب ان کی دولت میں بہت زیادہ اضافے کا سبب کھیلوں کا سامان تیار کرنے والے ا دارے نائکی کے ساتھ کمرشل معاہدہ اور امریکی این بی اے کی باسکٹ بال ٹیم شارلٹ ہورنیٹس کو خرید لینا بنے تھے ۔
اس وقت 33 سالہ میسی گزشتہ بیس سال سے اسپین میں ایف سی بارسلونا کے لیے کھیل رہے ہیں۔'فوربس’ کی سب سے زیادہ آمدنی والے فٹ بالروں کی تازہ ترین فہرست کے مطابق اس سال دنیا کے دس مہنگے ترین فٹ بال کھلاڑی مجموعی طور پر 570 ملین یورو کمائیں گے ۔ یہ رقم گزشتہ سیزن کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ بنتی ہے ۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS