راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خاں کی قانونی ٹیم میں شامل وکیل شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے کہ بہادر لوگ آئیں اور پارٹی کو لیڈ کریں۔
میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیر اعظم سے ملاقات کا احوال بیان کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سی کلاس دی گئی ہے، اڈیالہ میں اٹک جیل سے بُرے حالات ہیں، انہیں یہاں چہل قدمی کیلیے 10 فٹ کے کمرے سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے سائفر کیس کو بھی توشہ خانہ طرز پر چلایا اور سزا دی جائے گی۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ملاقات میں کچھ ہدایات دی ہیں جسے کور کمیٹی کے سامنے میں رکھیں گے، انہوں نے کیسز سے متعلق سست روی پر تحفظات کا اظہار کیا اور جارحانہ حکمت عملی اپنانے کو کہا، انہوں نے عمیر نیازی ایڈووکیٹ کو بھی ملاقات کیلیے بلایا ہے۔
مزید پڑھیں:
بیٹی کی شادی کے لیے خاتون نے بینک لاکر میں نقدی رکھی تھی، دیمک 18 لاکھ روپے کھا گئی
وکیل نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے بھی میرے ٹوئٹ کی تائید کی ہے، ان کی ہدایت پر ترجمان کی حیثیت سے اپنا کام جاری رکھوں گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانونی ٹیم میں اختلافات نہیں ہر کوئی اپنی بساط کے مطابق کام کر رہا ہے۔