محبوبہ مفتی نے انہیں گھر میں نظربند کردئے جانے کا الزام لگایا ہے

0

سرینگر(صریرخالد،ایس این بی):جموں کشمیر کی سابق وزیرِ اعلیٰ اور سابق ریاست میں سرگرم (متنازعہ)سیاسی اتحاد جموں کشمیر پیوپلز ایلائنس فار گپکار ڈکلریشن (پی اے جی ڈی پی)کی شریک سربراہ محبوبہ مفتی نے انہیں گھر میں نظربند کردئے جانے کا الزام لگایا ہے۔انہوں نے جموں کشمیر میں جمہوریت کا گلا گھونٹے جانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہاں حکومت مخالف آواز اٹھانے پر کسی کو بھی خوفزدہ اور حراساں کیا جاتا ہے۔ 
محبوبہ کی بیٹی التجا مفتی نے ایک بیان میں کہا کہ انکی والدہ پارٹی کی نوجوان شاخ کے لیڈر وحید پرہ کے جنوبی کشمیر کے پلوامہ مہإ واقع گھر جانا چاہتی تھیں لیکن پولس نے انہیں نظربند کرکے کہیں بھی آنے جانے سے روک دیا ہے۔واضح رہے کہ پرہ کو نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے)نے جنگجوئیت سے متعلق ایک معاملے میں ملوث بتاتے ہوئے گرفتار کر لیا ہے۔وہ محبوبہ مفتی کے انتہائی قریب رہے ہیں اور انکے دست راست مانے جاتے ہیں۔التجا مفتی کا کہنا ہے کہ محبوبہ مفتی وحیدہ پرہ کے خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کیلئے جانا چاہتی تھیں لیکن انہیں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
ایک بیان میں التجا مفتی،جو محبوبہ مفتی کی طویل نظربندی کے دوران اپنی ماں کی جانب سے بیانات دیکر سرخیوں میں رہی تھیں،نے سوالیہ انداز میں کہا’’کیا آپ اسی کو جمہوریت کہتے ہیں کہ جس میں آپکو اظہارِ رائے کی آزادی کا حق نہیں ملتا ہے اور جہاں آپکو کسی بھی معاملے پر آواز اٹھانے کی پاداش میں خوفزدہ اورحراساں کیا جاتا ہے‘‘۔
مفتیوں کی اس دعویداری کے کچھ وقت بعد تک سرکار کی جانب سے کوئی ردعمل یا وضاحت سامنے نہیں آئی تاہم بعدازاں پولس نے ایک مختصر ٹویٹ میں کہا کہ پی ڈی پی لیڈر کو نظربند نہیں کیا گیا ہے بلکہ ان سے’’سکیورٹی وجوہات‘‘کی بنا پر پلوامہ کا دورہ ملتوی کرنے کی’’درخواست‘‘کی گئی ہے۔
جموں کشمیر میں ابھی بلدیاتی اداروں کے انتخابات ہونے جارہے ہیں جنہیں لیکر مختلف سیاسی پارٹیوں میں خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کی قیادت والے سیاسی اتحاد پی اے جی ڈی نے الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ اسکے امیدواروں کو انتخابی مہم چلانے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ بی جے پی اور اسکی اتحادی جماعتوں کے امیدواروں کو سبھی سہولیات فراہم کرکے انتخابات کو جانبدار بنانے کی کوشش کی جا رہی ہیں۔پی ڈی پی نے وحیدہ پرہ کی گرفتاری کو بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی بتاتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کو خوفزدہ کرنے کے حربے آزمائے جارہے ہیں۔ 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS