اظہار الحسن
نئی دہلی (ایس این بی) : عام آدمی پارٹی نے کہا کہ بی جے پی کے زیر اقتدار تینوں میونسپل کارپوریشن مرکزی سرکار کی صفائی کی درجہ بندی میں پچھڑ گئی ہیں کیونکہ اس نے صفائی نظام کو بدتر بنادیا ہے۔ وہ ٹاپ 20میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکیں۔ ملک کے 48 میونسپل کارپوریشنوں میں شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن 45ویں، مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن 40 ویں اور جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن 31ویں نمبر پر ہے۔ جب کجریوال سرکارصحت اورتعلیم کے شعبے میں دہلی کا نام روشن کر رہی ہے،اسی وقت بی جے پی کی ایم سی ڈی دہلی نے 2کروڑ لوگوں کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔’آپ‘کے چیف ترجمان سوربھ بھاردواج نے پارٹی ہیڈ کوارٹر میں منعقد پریس کانفرنس میںکہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پورے ہندوستان کو سوچھ بھارت کا نعرہ دے کر صفائی کی تحریک شروع کی۔ بی جے پی کے بڑے لیڈروں، وزراء نے خود اس پر جھاڑو لگا کر کوڑا کرکٹ ڈال کر ویڈیو بنائی۔ گزشتہ کئی برسوں سے بی جے پی کی مرکزی سرکار سوچھ بھارت ابھیان کے تحت صفائی کا سروے کراتی ہے۔ یہ ایک طرح کا سروے ہے جو مرکز کی طرف سے کرایا جاتا ہے، جس میں وہ دیکھتی ہے کہ ریاست کے کس شہر میں صفائی کی پیروی کی جارہی ہے۔ اس کے بہت سے معیارات ہیں جیسے بیت الخلا کی صفائی، کھلے میں رفع حاجت، کوڑے کو ٹھکانے لگانے، کچرے کو الگ کرنا، باقاعدہ صفائی وغیرہ۔ پورے ملک کے اس سروے میں صرف 48 شہر ہیں جو کہ 10لاکھ کی آبادی والے شہروں کا سروے ہے۔ سوربھ بھاردواج نے کہا کہ بی جے پی کے دہلی ریاستی صدر آدیش گپتا کو بتانا چاہئے کہ کیا انہیں افسوس ہے۔ اگر آپ تھوڑی سی بھی شرم محسوس کرتے ہیں تو بتائیں کہ بی جے پی نے دہلی کو بدنام کرنے کا ٹھیکہ کیوں لیا ہے؟ اگر آپ اسے سنبھال نہیں سکتے تو اسے چھوڑ دیں۔ اگر بی جے پی جھاڑو لگانے کا کام بھی نہیں کر سکتی تو انہیں اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ اس طرح بدعنوانی میں ڈوبی ہوئی ایم سی ڈی کو چلانے کا کوئی حق نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS