چھ گنا سود کے ساتھ مولانا توقیر رضا نے کھاد کے قرض کی ادئیگی کی

0

بدایوں: (یو این آئی): بریلی میں جمعہ کی نماز کے بعد پیش آئے ہنگامے کے کلیدی ملزم اور اتحادِ ملت کونسل (آئی ایم سی) کے سربراہ مولانا توقیر رضا خان کے نمائندے نے 28 سال پرانے کھاد کے قرضے کی مکمل رقم بمعہ سود جمع کرادی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مولانا توقیر رضا نے سن 1997 میں بدایوں کی رسول پور پُٹھی سادھن سہکاری سمیتی سے کھاد خریدنے کے لیے 5055 روپے کا قرضہ لیا تھا، جو اب تک ادا نہیں کیا گیا تھا۔ بریلی کے حالیہ ہنگامہ میں مولانا کا نام سامنے آنے کے بعد انتظامیہ نے ان کے تمام مالیاتی ریکارڈ کی جانچ شروع کی، جس دوران یہ بقیہ قرضہ منظرِ عام پر آیا۔

انتظامیہ نے اس سلسلے میں دفعہ 95 کے تحت مولانا کے بدایوں واقع مکان پر نوٹس چسپاں کیا تھا، جس میں 15 دن کے اندر واجب الادا رقم جمع کرانے کی ہدایت دی گئی تھی۔

سادھن سہکاری سمیتی کے سکریٹری ہرِدے شرما سنگھ نے بتایا کہ پیر کے روز مولانا توقیر رضا کے نمائندے شاہنواز خان کا فون آیا، جنہوں نے اطلاع دی کہ وہ مولانا کی جانب سے قرض کی ادائیگی کرنا چاہتے ہیں۔ اس پر ضلعی کوآپریٹیو بینک، بدایوں میں ادائیگی کا بندوبست کیا گیا۔

ضلع کوآپریٹیو بینک کے مہاپر بندھک ہری بابو بھارتی کے مطابق، کل ملا کر 30,522 روپے جمع کرائے گئے، جس میں 5055.40 روپے اصل رقم 24,013.60 روپے سود اور بقایا عملہ فیس شامل تھی۔ وصولی امین کوبر پال سنگھ کی موجودگی میں پوری رقم جمع کی گئی اور شاہنواز خان کے حوالے کر دی گئی۔

قابل ذکر ہے کہ مولانا توقیر رضا اس وقت بریلی ہنگامہ کے معاملے میں نامزد ہونے کے بعد فتح گڑھ کی سنٹرل جیل میں قید ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS