متھرا : بیٹی کی عصمت دری کرنے والے باپ کو عمر قید کی سزا

0
Image:The Indian Express

متھرا: (یو این آئی) اترپردیش میں متھرا کی ایک عدالت نے بیٹی کی عصمت دری کے الزام میں وحشی باپ کو بالآخر عمر قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس کو دو لاکھ روپے کا جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔استغاثہ کے مطابق شوہر کے انتقال کے چار سال بعد بچوں کی بہتر پرورش کے لئے متھرا کی نجمہ نامی خاتون نے علی گڑھ کے شوبی سے شادی کرلی تھی۔ شوبی خاتون کے پہلے شوہر کی 15 سالہ بیٹی سمیت ضلع کے سُسیر تھانہ علاقہ کے گاؤں کراہری میں رہنے لگا۔ دو فروری 2013 کو شام تقریباً 6 بجے جب نجمہ اپنے کسی رشتے دار کے یہاں گئی تھی تو شوبی نے لڑکی کو اغوا کرلیا اور وہ گھر کی موٹرسائیکل،ایک لاکھ 5 ہزار نقد اور سونے چاندی کے زیور بھی اپنے ساتھ لے گیا۔ اس نے لڑکی کی عصمت دری بھی کی۔نجمہ نے اپنی بیٹی کے اغوا اور عصمت دری کی شکایت سسیر تھانہ میں 15 فروری 2013 کو دفعہ 363، 366، 376 آئی پی ایس کے تحت کرائی۔
ڈسٹرکٹ ایڈیشنل سرکاری وکیل (اے ڈی جی سی) سبھاش چندر چترویدی نے بتایا کہ جب اس کیس میں سزا کا نمبر آیا تو دفاعی وکیل نے کہا کہ چونکہ اس کا موکل بہت غریب ہے اور اس کا یہ جرم پہلا ہے،اس لیے اسے ہلکی سزا دی جانی چاہیے۔ چترویدی نے بتایا کہ اس کے برعکس،اس نے عدالت سے ملزم کو سخت سے سخت سزا دینے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ ایک باپ نے اپنی بیٹی کے ساتھ زیادتی کرکے محافظ ہوکر برا سلوک کیا ہے اور چونکہ متاثرہ کی عمر 16 سال سے کم ہے،اس لیے ملزم کو سخت ترین سزا دی جانی چاہیے۔
اے ڈی جی سی کے مطابق،جج امر سنگھ نے ملزم شوبی کو دفعہ 366 آئی پی سی کا جرم کے سبب دس سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ اور دفعہ 378 کے تحت عصمت دری کے جرم میں عمر قید (آخری سانس تک) کی سزا بھگتنے اور ڈیڑھ لاکھ جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔ دونوں سزائیں ساتھ ساتھ چلیں گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS