’کووڈ -19سے بچنے کے لیے ماسک پہننا ضروری‘

0

نئی دہلی (ایس این بی) : راجدھانی دہلی میں کووڈ-19 کے انفیکشن کی شرح 5 فیصد سے زیادہ ہونے کے ساتھ ڈاکٹروں نے اتوار کو مشورہ دیا ہے کہ اگر لوگوں میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوں تو ان کا ٹیسٹ کرانا چاہیے اور انفیکشن سے بچنے کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دینے کی ضرورت ہے۔ دارالحکومت میں 2 ہفتوں میں انفیکشن کی شرح 0.5 فیصد سے 5.33 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) کی ایک میٹنگ 20 اپریل کو ہونے والی ہے۔ دریں اثنا ڈاکٹروں نے کہا کہ معاملے اور انفیکشن کی شرح میں اضافہ کے پیش نظر میٹنگ پہلے ہونی چاہیے تھی۔ ہفتہ کو دہلی میں کووڈ-19 کے 461 معاملے سامنے آئے تھے اور انفیکشن کی شرح 5.33 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ 2 لوگوں کی موت بھی ہوئی تھی۔ جمعہ کو انفیکشن کے 366معاملے سامنے آئے تھے۔ اس سے پہلے دہلی میں یکم فروری کو انفیکشن کی شرح 5.09 فیصد تھی، جبکہ 31 جنوری کو یہ شرح 6.2 فیصد تھی۔ بڑے سرکاری اور نجی اسپتالوں کے ڈاکٹروں نے زور دیا کہ معاملوں میں اضافہ کے پیش نظر ٹیسٹنگ بڑھانے کی ضرورت ہے، تاہم انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال کسی سخت پابندی کی ضرورت نہیں ہے۔
لوک نائک جے پرکاش (ایل این جے پی) اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سریش کمار نے کہا کہ علامات ظاہر ہونے کے بعد بھی بہت سے لوگوں کا ٹیسٹ نہیں کرایا جا رہا ہے۔ اب معاملے پھر بڑھ رہے ہیں۔ میں لوگوں سے درخواست کرتا ہوں کہ اگر علامات ظاہر ہوتی ہیں تو ٹیسٹ کروائیں۔ آئیسولیشن میں رہنے والوں کا بھی ٹیسٹ کرانا چاہیے۔ دہلی حکومت کے ایک بڑے کووڈ اسپتال میں ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر ریتو سکسینہ نے کہا کہ اب بڑے پروگراموں کے انعقاد سے گریز کرنا چاہیے اور لوگوں کو ماسک پہننا چاہیے اور کووڈ کے ضوابط پر عمل کرنا چاہیے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS