نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ میں شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ جاری تھا۔ اسی دوران ایک 19 سالہ رام بگھت گوپال شرما نامی نوجوان ہاتھ میں بندوق لیکر بھیڑ میں داخل ہوا اور فائرنگ کردی۔ اور فائرنگ کرتے ہوئے کہا کہ یہ لو آزادی۔ اس حادثے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے۔ یہ حادثہ دوپہر 1:40 منٹ پر پیش آیا۔ فائرنگ کی وجہ سے افرا تفری مچ گئی۔ غور طلب ہے کہ جامعہ کے طلبا راج گھاٹ کے لیے مارچ نکانے کی تیاری کر رہے تھے۔ گوپال شرما نامی شخص نے دہلی پولیس زندہ آباد کے نعرے بھی لگائے اور فائرنگ بھی کی۔ گولی لگنے کی وجہ سے شاداب نام کا طالب علم زخمی ہوگیا ہے۔ شاداب کو ہولی فیملی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے، اور تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ شخص اترپردیش کے گوتم بدھ نگر علاقے کا رہنے والا ہے۔
واضح رہے کہ انوراگ ٹھاکر نے ایک انتخابی اجلاس میں متنازعہ نعرہ لگایا تھا، جس کے بول تھے’گولی مارو غداروں کو‘۔ جس کے بعد یہ ناگفتہ واقعہ پیش آیا ہے۔ انوراگ ٹھاکر کے اس بیان کے رد عمل میں اس پورے واقعہ کو دیکھا جا رہا ہے۔