جنوبی قصبہ ترال میں اخروٹ کے درخت سے گرنے سے مزدورفوت

    0

    سری نگر: (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے قصبہ ترال میں ہفتے کی صبح ایک مزدور کی اخروٹ کے درخت سے گرنے سے موت واقع ہوگئی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ قصبہ ترال میں ہفتے کی صبح ایک شخص اخروٹ کے درخت سے اخروٹ اتا رہا تھا کہ وہ اچانک نیچے گر گیا۔ انہوں نے کہا کہ گرچہ مذکورہ شخص کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔ متوفی کی شناخت غلام قادر بٹ ساکن نگین پورہ ترال کے بطور ہوئی ہے۔ وادی میں گذشتہ پندرہ دنوں سے بھی کم وقت میں یہ اپنی نوعیت کا چوتھا واقعہ ہے۔ قصبہ ترال ہی میں دو روز قبل ہی ایک سٹھ سالہ شخص کی اخروٹ کے درخت سے گرنے سے موت واقع ہوئی تھی۔ قبل ازیں ضلع بارہمولہ کے اوڑی قصبے میں 14 ستمبر کو ایک شخص کی اخروت کے درخت سے گر کر موت واقع ہوئی تھی جب کہ پلوامہ میں پانچ ستمبر کو اسی نوعیت کا ایک واقع پیش آیا تھا۔
    بتادیں کہ وادی کشمیر میں اخروٹ کے درختوں سے اخروٹ اتارنے کا سیزن جوبن پر ہے۔ اس سیزن کے دوران مزدوروں کو کام مل جاتا ہے لیکن یہ سیزن کئی مزدور گھرانوں کے لئے باعث مصیبت بھی بن جاتا ہے کیونکہ ہر سال اس سیزن کے دوران کئی مزدور درختوں سے گر کر لقمہ اجل بن جاتے ہیں یا عمر بھر کے لئے ناخیز ہو کر گھر والوں پر ہی بھاری بھرکم بوجھ بن جاتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS