نئی دہلی، (یو این آئی) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے ملک میں تبدیلی کے لیے مہیلا شکتی کواہم قرار دیتے ہوئے کہاکہ ان کی پارٹی مہیلا شکتی کے ساتھ متحد ہو کر تبدیلی کے لیے لڑے گی اور اس کے لیے آواز اٹھائے گی۔
ہفتہ کو فیس بک کے ذریعہ عوام سے بات چیت کرتے ہوئے محترمہ پرینکا گاندھی نے کہا کہ سماج میں تبدیلی لانے کے لیے خواتین کا کردار اہم ہے اور ان کی پارٹی خواتین کی لڑائی میں پوری طرح ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خواتین کی طاقت کا اتحاد ہی ملکی سیاست کو بدل سکتا ہے اور اب خواتین کو متحد ہو کر حقوق کے لیے جدوجہد کرنا ہو گی۔
انہوں نے بتایاکہ “ہم خواتین کے ساتھ متحد ہوکر کھڑے ہوں گے، ان کے لیے لڑتے رہیں گے۔ کانگریس پارٹی خواتین کے ساتھ ہے اور کانگریس اس کی قیادت کرتے ہوئے مہیلا شکتی کی جنگ لڑے گی۔
ان کی موجودہ پسندیدہ خاتون سیاستدان کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کو اپنی پسندیدہ سیاست دان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان میں وہ تمام خوبیاں موجود ہیں جو ایک خاتون میں ہونی چاہئیں۔ ان کی پالیسیاں بہت اچھی ہیں اور وہ مسلسل لوگوں سے رابطہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم اور اپنی دادی اندرا گاندھی کا نام بھی لیا اور کہا کہ اگر ہم پہلے کی بات کریں تو وہ ان کی آئیڈیل ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی سے کسانوں کو انصاف دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے اسے اپنی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لکھیم پور کھیری واقعہ میں وزیر مملکت برائے داخلہ کے کردار کی تحقیقات ہونی چاہئے اور انہیں فوری طور پر برطرف کیا جانا چاہئے۔
نفرت سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے محترمہ گاندھی نے کہا کہ نفرت کے دور کو تبدیلی کے طوفان سے شکست دی جائے گی اور اب صرف محبت اور بھائی چارے کی سیاست ہی ملک میں تبدیلی لائے گی۔
مہیلا شکتی سے سیاست میں تبدیلی آئے گی: پرینکا
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS