ریاست مہاراشٹر اس وقت کورونا وائرس کے انفیکشنسے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ اس کے مد نظر ریاستی حکومت نے پوری ریاست میں 30 جون تک لاک ڈاؤن 5.0 نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی حکومت نے یہ اعلان کیا کہ ضروری سرگرمیوں کو چھوڑ کر رات 9 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان لوگوں کی آمد و رفت پر بھی سختی کے ساتھ پابندی رہے گی۔ سمندری ساحلوں، کھیل کے میدانوں، پارکوں اور کھلے عوامی مقامات پر صبح 5 بجے سے شام 7 بجے کے درمیان ورزش کی اجازت ہوگی۔
حکومت نے اس مدت کے دوران مذہبی عبادت گاہوں کو کھولنے کا کوئی ارادہ نہیں کیا ہے۔ ریاستی حکومت نے جو رہنما ہدایات جاری کی ہے اس میں واضح لفظوں میں لکھا گیا ہے کہ مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں کے ساتھ ساتھ ہوٹل، ریستوران، شاپنگ مال، نائی کی دکان، اسپا اور بیوٹی پارلر پوری ریاست میں بند رہیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے ہفتہ کے روز ہی لاک ڈاؤن 5.0 کا اعلان کیا تھا، لیکن کہا گیا تھا کہ پابندیاں کنٹنمنٹ زون تک ہی محدود رہیں گی اور بقیہ مقامات سے پابندیاں مرحلہ وار ہٹائی جائیں گی۔ لیکن مہاراشٹر حکومت نے یہاں مشکل حالات کو دیکھتے ہوئے پوری ریاست میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کر دیا۔