یوپی:75اسکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد
لکھنؤ (ایس این بی) : وزیر اعظم نریندر مودی نے یہاں سابقہ سماجوادی پارٹی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومت میں غریبوں کو حق نہیں ملا۔ انہوں نے سابقہ حکومت پر مرکزی اسکیموں میں لاپروائی و بہانے بازی کئے جانے کا الزام لگایا۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے 75 ہزار لوگوں کو پی ایم آواس کی چابی ڈجیٹلی سونپنے کے بعد ایک ٹاسک بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ جن 9 لاکھ لوگوں کو پی ایم آواس یوجنا کے تحت گھر ملا ہے، وہ دیوالی پر اپنے نئے گھر میں 2-2 نئے دیے جلائیں۔ اس میں ایک اپنے لئے اور دوسرا شری رام کیلئے۔ وزیر اعظم منگل کو یہاں لکھنؤ میں ’نیو اربن انڈیا تھیم‘ پر منعقد تین روزہ کانفرنس اورایکسپو میں وزیر اعظم رہائش اسکیم شہری کے تحت 75 ہزار مستفیدین کو ڈیجیٹل کے توسط سے گھر کی چابی سونپنے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔ مسٹر مودی نے مستفیدین میں آگرہ کی وملیش، کانپور کی رام جانکی پال اور للت پور کی ببیتا سے بات بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے وہ دن بھی یاد آتے ہیں، جب تمام کوششوں کے باوجود اترپردیش مکانات تعمیر کے معاملہ میں آگے نہیں بڑھ رہا تھا۔ وہ بھی تب جب غریبوں کیلئے گھر بنانے کا پیسہ مرکزی حکومت دے رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یوپی میں 2017 سے پہلے، جو حکومت تھی، وہ غریبوں کیلئے گھر بنوانا ہی نہیں چاہتی تھی۔ مودی نے الزام لگایا کہ 2017 سے پہلے وزیر اعظم رہائش اسکیم کے تحت یوپی میں 18 ہزار گھروں کی منظوری دی گئی تھی، لیکن سابقہ حکومت نے غریبوں کو 18 گھر بھی بنا کر نہیں دئیے۔ تب کی حکومت اس میں مسلسل روڑے اٹکا رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اطمینان ہے کہ موجودہ یوگی حکومت نے غریبوں کو 9 لاکھ گھر بنا کر دئیے۔ اس کے علاوہ 14 لاکھ گھروں کی تعمیر الگ الگ مرحلوں میں ہو رہی ہے۔ مسٹر مودی نے پی ایم آواس یوجنا کے 9 لاکھ مستفیدین کو ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ یوپی حکومت اجودھیا میں دیوالی پر 7.5 لاکھ دیے جلانے والی ہے، ایسے میں پی ایم آواس کی چابی پانے والے سبھی لوگ اپنے نئے گھروں میں دیوالی پر2 نئے دیے جلائیں۔انہوں نے کہا کہ 2017 سے پہلے کے اترپردیش اور بعد کے اترپردیش کا فرق یہاں کے لوگوں کو اب نظر آنے لگا ہے۔ پہلے یوپی میں بجلی آتی کم اور جاتی زیادہ تھی۔ بجلی چنندہ شہروں میں آتی تھی۔ اب یوپی میں بجلی سب کو ہر جگہ یکساں مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب گائوں کی سڑک کی تعمیر بھی کسی کی سفارش کی محتاج نہیں۔
پی ایم مودی نے دعویٰ کیا کہ ملک میں اب تک جن تین کروڑ کنبوں کو پی ایم آواس ملے ہیں، انہیں ایک ہی اسکیم سے لکھ پتی بننے کا موقع مل رہا ہے۔ اب یہ غریب کنبے لکھ پتی بن چکے ہیں، یہ اپنے آپ میں بہت بڑی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیو اربن انڈیا تھیم پر یہاں منعقد کانکلیو میں ہندوستان کے شہروں کی نئی شکل کے سلسلہ میں ملک بھر کے ماہرین ایک ساتھ آکر غور کر رہے ہیں۔ یہاں جو نمائش لگی ہے، وہ آزادی کے اس امرت مہوتسو میں 75 برس کی حصولیابیوں اور ملک کے نئے عزائم کو اچھی طرح ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔
اس سے قبل وزیر اعظم نے کانکلیو اور ایکسپو میں لگائی گئی جدید رہائشی تکنیک پر مبنی نمائش کا افتتاح کیا۔ یہ پروگرام مرکزی آواس و شہری امور وزارت اور اترپردیش کے شہری ترقیاتی محکمہ کے تحت منعقد کیا گیا تھا۔ پروگرام سے قبل وزیر اعظم نے اسمارٹ سٹی مشن کے تحت آگرہ، علی گڑھ، بریلی، جھانسی، کانپور، لکھنؤ، پریاگ راج، سہارنپور، مرادآباد اور اجودھیا میں انٹیگریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر، انٹلی جینٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اور شہری انفرااسٹرکچر و امرت مشن کے تحت ریاست کے مختلف شہروں میں یوپی جل نگم کے ذریعہ تعمیر پینے کے پانی و سیوریج کی کل 4737 کروڑ روپے کی 75 ترقیاتی اسکیموں کا افتتاح و سنگ بنیاد رکھا اور لکھنؤ، کانپور، جھانسی، گورکھپور، پریاگ راج، غازی آباد اور وارانسی کیلئے 75 اسمارٹ الکٹرک بسوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر ایڈواٹیج اسمارٹ اترپردیش کافی ٹیبل بک کا اجرا کیا اور بابا صاحب بھیم رائو امبیڈکریونیورسٹی واقع اٹل بہاری واجپئی بنچ کا افتتاح بھی کیا۔ پروگرام میں مرکزی وزیر ہردیپ پوری نے پی ایم آواس یوجنا اور امرت مشن و اسمارٹ سٹی یوجنا کی پیش رفت سے لوگوں کو واقف کرایا۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پی ایم مودی کا استقبال کیا، جبکہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست میں چل رہی اسکیموں پر تفصیل سے شروع ڈالی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے ساتھ اسٹیج پر اترپردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل، مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، مرکزی وزیر ڈاکٹر مہندر ناتھ پانڈے، مرکزی وزیر مملکت کوشل کشور، یوپی کے نائب وزرائے اعلیٰ کیشو پرساد موریہ و ڈاکٹر دنیش شرما، وزیر آشوتوش ٹنڈن و وزیر مملکت مہیش چندر، بی جے پی کے ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ وغیرہ موجود تھے۔
سابقہ حکومت میں غریبوں کو نہیں ملا حق:وزیراعظم
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS