لوک سبھا الیکشن، پہلے مرحلے کا نوٹیفکیشن جاری

0

نئی دہلی (ایجنسیاں): لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلہ کا نوٹیفکیشن آج (20 مارچ) کو جاری کر دیا گیا ہے۔ اس مرحلہ میں 17 ریاستوں اور 4 مرکز کے زیر انتظام خطوں کی 102 لوک سبھا سیٹوں پر انتخابات ہوں گے۔ اس مرحلہ میں، جن ریاستوں کیلئے لوک سبھا سیٹوں پر پولنگ ہونی ہے، امیدواروں کے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے لوک سبھا انتخابات کے شیڈیول کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں 7 مرحلوں میں پولنگ ہوگی۔
پہلے مرحلہ کیلئے 19 اپریل، دوسرے مرحلہ کیلئے 26 اپریل، تیسرے مرحلہ کیلئے 7 مئی، چوتھے مرحلہ کیلئے 13 مئی، پانچویں مرحلہ کیلئے 20 مئی، چھٹے مرحلہ کیلئے 25 مئی اور ساتویں مرحلہ کیلئے یکم جون کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ نتائج کا اعلان 4 جون کو کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ وہ منصفانہ، آزادانہ اور محفوظ لوک سبھا انتخابات کرانے کے لیے پرعزم ہے۔ پہلے مرحلہ کے لیے کاغذات نامزدگی 27 مارچ تک داخل کیے جا سکتے ہیں۔

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 مارچ کو ہوگی اور پرچہ واپس لینے کی آخری تاریخ 30 مارچ ہے۔ پہلے مرحلہ میں تمل ناڈوکی 29، راجستھان کی 12، اتر پردیش کی 8، مدھیہ پردیش کی 6، اتراکھنڈ، آسام اور مہاراشٹر کی 5-5، بہار کی 4، مغربی بنگال کی 3، اروناچل پردیش، منی پور اور میگھالیہ کی 2-2 اور چھتیس گڑھ، میزورم، ناگالینڈ، سکم، تریپورہ، انڈمان اور نکوبار جزائر، جموں و کشمیر، لکشدیپ اور پڈوچیری کی ایک ایک سیٹ پر پولنگ ہوگی۔ الیکشن کمیشن سیکورٹی کے لحاظ سے حساس ریاستوں اور واقعات کا شکار حلقوں میں مناسب سینٹرل آرمڈ پولیس فورس تعینات کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں: کرناٹک میں بی جے پی کے کئی لیڈرران بغاوت پر اترے

تمام اضلاع میں مربوط کنٹرول رومس قائم کیے جا رہے ہیں جو 7 دن 24 گھنٹے کام کریں گے۔ حساس پولنگ اسٹیشنوں پر ویب کاسٹنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ کمیشن کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے تمام تھانے اپنے اپنے دائرہ اختیار میں لائسنس یافتہ اسلحہ جمع کروا رہے ہیں۔ مجرمانہ شبیہ کے حامل افراد کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS