تلنگانہ میں لاک ڈاون مکمل ختم،بازاروں میں پہلے جیسی رونق

0
image:Timesofindia

حیدرآباد: (یواین آئی) تلنگانہ میں آج سے لاک ڈاون کا پوری طرح خاتمہ کردیاگیا ہے جس کے سبب ایک طرف جہاں شہریوں میں مسرت کی لہر دیکھی جارہی ہے
وہیں دوسری طرف تاجروں اور چھوٹے کاروبار کرنے والوں میں جو گذشتہ تقریبا ایک ماہ سے کاروبارکے مناسب طورپر نہ ہونے کی وجہ سے پریشانی اور تشویش کی
صورتحال کا سامنا کررہے تھے میں کاروبار کے تعلق سے نئی امید جاگی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ لاک ڈاون کے مکمل طورپرخاتمہ سے ان کے تجارتی و کاروباری اداروں
میں گاہکوں کی آمد کی توقع ہے۔انہوں نے لاک ڈاون سے پہلے کی صورتحال پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔عوام جو تقریبا ایک ماہ سے گھروں میں محدود تھے بھی گھروں
سے باہر نکلنے میں پُرجوش نظر آئے۔بازاروں میں پہلے جیسی رونق، سرگرمیاں اور گہما گہمی نظر آئی تاہم بازاروں میں کوویڈ کے پروٹوکول پر عمل کیاجارہا
ہے۔شہریوں نے اس احساس کا اظہار کیا کہ انہوں نے کوویڈ کی دوسری لہر کے دوران اپنوں کو کھودیا اور یہ لہر پہلی لہر کے مقابلہ کافی خوفزدہ کرنے والی
تھی۔انہوں نے صورتحال کے معمول پر آنے اور کورونا کے معاملات میں کمی پر مسرت کا اظہار کیا تاہم بعض شہریوں نے تیسری لہر کے امکان پر تشویش کا اظہار
کیا۔ریاستی دارالحکومت حیدرآباد اور اضلاع کی ہوٹلس، ٹفن سنٹرس اور کھانے پینے کی اشیا کے مراکز ایک مرتبہ پھر کھل گئے ہیں جہاں پہلے جیسی صورتحال نظر
آرہی ہے۔آج ان مقامات پر لاک ڈاون کے خاتمہ کے پہلے دن گاہکوں کی بڑی تعداد نظر آئی۔کورونا کی وجہ سے ہوٹلوں کا کاروبار کافی محدود ہوگیا تھا۔ہوٹلوں میں گاہکوں
کی سلامتی اور تحفظ کے اقدامات کئے گئے اور ان کو جراثیم سے پاک بنایاگیا۔کئی ہوٹلس محدود اسٹاف کے ساتھ دوبارہ کھل گئیں۔ان ہوٹلوں کے مالکین نے کہاکہ جلد ہی
مکمل اسٹاف کے ساتھ یہ ہوٹلیں کام کریں گی۔تاجروں کا کہنا ہے کہ لاک ڈاون کے خاتمہ سے ان کی براداری کے افراد کی فکرمندی دور ہوگئی ہے۔انہوں نے امید ظاہر
کی کہ لاک ڈاون کے مکمل خاتمہ کے بعد گاہک ایک مرتبہ پھر ان کی دکانات کا رخ کریں گے اور ان کے ساتھ تعاون کریں گے۔لاک ڈاون کی وجہ سے ہزاروں چھوٹے
موٹے کاروبار کرنے والے اور ٹھیلہ بنڈی پر کاروبار کرنے والے متاثر ہوئے تھے۔انہوں نے بھی لاک ڈاون کے خاتمہ کے لئے حکومت کے قدم کی ستائش کی۔یومیہ
مزدوری کرنے والے افراد نے بھی اس فیصلہ کی ستائش کی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS