راحیلہ مغل
رنگ کائنات کے حسن کا نکھار ہیں۔ ان رنگوں کی بدولت اس کرہ ارض پر بہار چھائی رہتی ہے۔رنگوں سے متعلق مختلف قیاس موجود ہیں۔انھیں کبھی خوشیوں سے جوڑا جاتا ہے تو کبھی دکھوں سے۔کسی نے رنگوں کے بارے میں کیا خوب کہا ہے کہ ”رنگ وہ طاقت ہے جو براہ راست دل پر اثر کرتی ہے“۔رنگوں کا استعمال مختلف جگہ کیا جاتا ہے۔چاہے کپڑے ہوں یا جوتے، پرس ہو یا جیولری،دیواروں کا پینٹ ہو یا بیڈ شیٹ ہر جگہ رنگوں کے انتخاب کو فوقیت دی جاتی ہے۔یہ انتخاب ذاتی پسند و ناپسند کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ویسے تو کسی شخص کے بارے میں اسے دیکھ کر جاننا آسان کام نہیں بلکہ اکثر افراد تو کئی ملاقاتوں کے بعد بھی اپنے ساتھیوں کی شخصیت یا ان کی خوبیوں کو جاننے میں ناکام رہتے ہیں۔مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ ایک بہت عام چیز سے لوگوں کی شخصیت کے راز جانے جا سکتے ہیں؟جی ہاں وہ ہے ان کے ملبوسات کا رنگ جو بہت کچھ بتاتے ہیں۔یہاں کچھ ایسی ہی دلچسپ معلومات دی جا رہی ہے جو یقینا آپ کی معلومات میں اضافے کا سبب بنے گی۔
گلابی رنگ:گلابی رنگ ویسے تو خواتین میں بہت مقبول ہے،مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ اس رنگ کو پسند کرنے والے افراد کی نفسیاتی طور پر یہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ دنیا کی تلخیوں سے دور رہیں اور سنجیدگی کا لبادہ اوڑھنے سے گریز کریں۔جی دراصل اس رنگ کو پسند کرنے والے افراد کو اپنے بچپن میں ہی رہنے کی خواہش ہوتی ہے۔یہ فطرتاً سادہ لوح،حساس اور دوسروں کو پناہ دینے والے ہوتے ہیں۔
جامنی رنگ:جامنی رنگ کو صدیوں سے شرافت،عزت اور وقار سے منسلک کیا جاتا ہے۔اس رنگ کو پسند کرنے والے افراد تخلیقی صلاحیتوں اور منفرد خصوصیات کے حامل ہوتے ہیں۔عمومی طور پر دوسروں کو عزت دیتے ہیں مگر بعض اوقات ان کے مزاج میں غرور کا عنصر نمایاں ہوتا ہے۔ایسے افراد دنیا کو اپنے نظریات سے دیکھتے اور پرکھتے ہیں جس سے انھیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔یہ دنیاداری کے بجائے روحانیت کو ترجیح دیتے ہیں۔چونکہ قدرتی ماحول میں یہ رنگ بہت کم ہی نظر آتا ہے اس لئے جامنی رنگ مصنوعی لگتا ہے۔تاریخی طور پر یہ رنگ طاقت کی نشانی سمجھا جاتا تھا جبکہ ایک سائنسی تحقیق کے مطابق جامنی رنگ کسی فرد کے عدم اطمینان کا اظہار کرتا ہے۔
سیاہ رنگ:سیاہ رنگ کا ملبوس شاہی لباس کا حصہ رہا ہے۔اس رنگ کو طاقت، پراسراریت،شجاعت،اقتدار،شائستگی اور نفاست کی علامت سمجھا جاتا ہے۔سیاہ رنگ میں ایک عجب سی کشش ہے اسے پہننے سے طمانیت کا احساس ملتا ہے۔عموماً خواتین سیاہ رنگ کا لباس پہننا بے حد پسند کرتی ہیں۔سیاہ وہ واحد رنگ ہے جو ہر رنگت پر جچتا ہے۔وہ لوگ جو فطرتاً سنجیدہ مزاج،خاموش طبع اور کچھ حد تک گہرے ہوتے ہیں۔سیاہ رنگ پہننا پسند کرتے ہیں۔کچھ لوگوں کے خیال میں سیاہ رنگ پہننے سے شخصیت میں اعتماد جھلکتا ہے۔جہاں سیاہ رنگ سے کسی کی شخصیت کے بارے میں مثبت اندازے لگائے جاتے ہیں۔وہیں سیاہ رنگ استعمال کرنے والوں کو اداس،دل گرفتہ،دکھی اور تنہا بھی سمجھا جاتا ہے۔سیاہ رنگ کو مغربی ممالک میں موت اور دکھ سے تعبیر کیا جاتا ہے۔اس رنگ سے منفی اور مثبت دونوں طرح کی رائے قائم کی جا سکتی ہے مگر اس کا انحصار سامنے والے کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں سے لگا کر ہی کرنا بہتر ہو گا۔
سبز رنگ:عموماً لوگوں کا یہ خیال ہوتا ہے کہ سبز رنگ کو پسند کرنے والے قدرت کے قدر دان،سبزے کو پسند کرنے والے ہوں گے مگر حیرت انگیز طور پہ یہ لوگ اپنے سے جڑے رشتوں خصوصاً منگیتر یا شریک حیات کے حوالے سے خدشات کا شکار رہتے ہیں۔ان کی سب سے بڑی خواہش دوسروں میں ممتاز ہونا ہے جبکہ دوسرے انہیں کس نگاہ سے دیکھتے ہیں یہ ان کے لئے بہت معنی رکھتا ہے۔اس رنگ کے لباس پسند کرنے والے تخلیقی سوچ کے حامل ہوتے ہیں۔ایک تحقیق کے مطابق یہ رنگ تخلیقی سوچ کو جلاء دیتا ہے اور وہ زیادہ اچھے کام کر پاتے ہیں۔
سفید رنگ:سفید رنگ کو پاکیزگی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔جو لوگ سفید رنگ پہننا پسند کرتے ہیں وہ عموماً صفائی پسند، معصوم،نیک نیت،ذہین،دوسروں کو سمجھنے والے،روحانیت کی جانب راغب، مخلص، نرم خو اور پرفیکشن کے قائل ہوتے ہیں۔یہ لوگ صاف ستھری شخصیت کے مالک ہوتے ہیں اور انہیں منظم اور نظم و ضبط کے ساتھ زندگی گزارنا پسند ہوتی ہے۔اس رنگ کو پسند کرنے والے لوگوں میں آسانی سے گھل مل جاتے ہیں۔
نیلا رنگ:نیوی بلیو رنگ کسی ملازمت کے انٹرویو کے لئے زیب تن کیے جانے والا بہترین رنگ مانا جاتا ہے۔دو ہزار سے زائد ہائرنگ منیجرز سے ہونے والے سروے کے مطابق نیلے رنگ کے لباس پہن کر انٹرویو دینے والے افراد کو ٹیم پلیئر تصور کیا جاتا ہے۔یہ رنگ سکون،وفاداری،اعتماد اور کنٹرول کی علامت ہے۔
نارنجی رنگ:آپ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ مرکز نگاہ بننے والے نارنجی رنگ کو پسند کرنے والے افراد کی شادی کامیاب نہیں ہوتی۔جی ہاں یہ کوئی قیاس نہیں بلکہ یہ کہنا ہے رنگوں کے ماہر فبر بیرن کا جنہوں نے رنگوں پہ تحقیق کر رکھی ہے۔ان کے مطابق اس رنگ کو پسند کرنے والے لوگ شادی کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ہوتے اور اگر شادی کر لیتے ہیں تو وہ زیادہ دیر چل نہیں پاتی۔اس کی ایک بڑی وجہ ان کی زندگی کے حوالے سے غیر سنجیدگی ہوتی ہے۔یہ ہمیشہ لوگوں کی نگاہوں کا مرکز بنےرہنا چاہتے ہیں اور جود کو جاذب نظر ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔یہ عمومی طور پہ دوستانہ مزاج کے حامل ہوتے ہیں۔
سرخ رنگ:عمومی طور پر قربانی، خطرات اور جرأت سے وابستہ کیے جانے والا سرخ رنگ دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے۔اگر رنگوں کو نفسیات کی نظر سے دیکھا جائے تو سرخ رنگ انتہائی دلچسپ ہے۔اس کے بارے میں یہ خیال ہے کہ سرخ رنگ طاقت کی علامت ہے۔آنکھوں کو بھلا لگنے والا یہ رنگ پہننے والے کی شخصیت کے حوالے سے بھی مختلف خیالات کا باعث بنتا ہے۔اسے رومانویت سے منسلک کیا جاتا ہے۔گوکہ ضروری نہیں کہ یہ رنگ اچھے نصیبوں کی ضمانت ہو۔سرخ رنگ جہاں بہت سی خواتین کے حسن کو دوبالا کر دیتا ہے اور خاص موقعوں پر ان کی کشش بڑھا دیتا ہے وہیں یہ کچھ مواقع پہ پہننا موزوں نہیں جیسے کہ جاب پہ پہننے کے لئے یہ رنگ آنکھوں کو بھلا لگنے کے بجائے برا لگتا ہے اور ایک نارمل لک دینے کا کام بالکل نہیں کرتا جو کہ کسی بھی جاب کرنے والے مرد یا خاتون کے لئے درست امر نہیں۔رنگوں کی نفسیات میں سرخ رنگ شدت کو ظاہر کرتا ہے۔اس کا مقصد دوسروں کو اپنی جانب متوجہ کرنا ہے۔