چین پہلے اپنے گریبان میں جھانکے پھر لداخ پر کوئی بیان جاری کرے: اپیکس باڈی لیہہ

    0

     ضلع لیہہ کی مذہبی، سیاسی، سماجی اور طلبہ تنظیموں پر مشتمل  اپیکس باڈی نے چین کے وزیر خارجہ کے لداخ کے بارے میں دیے گئے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین تبت، ہانگ کانگ اور سنجانگ میں انسانی حقوق کی پامالی کر کے وہاں کے لوگوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔
    اپیکس باڈی میں شامل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لداخ یونٹ کے سابق صدر اور سابق وزیر سیرنگ ڈورجے نے جمعے کو یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا: 'ہم چین کے وزارت خارجہ کے ترجمان کے اس بیان کی مذمت کرتے ہیں جس میں انہوں نے کہا ہے کہ چین لداخ یونین ٹریٹری کو تسلیم نہیں کرتا ہے'۔
    انہوں نے کہا کہ چین کا یہ بیان ہمارے اندرونی معاملات میں غیر ضروری مداخلت ہے۔
    سیرنگ ڈورجے نے کہا کہ چین کو اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھنا چاہئے۔
    انہوں نے کہا: 'چین کو اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھنا چاہئے۔ وہ کس طریقے سے تبت، ہانگ کانگ اور سنجانگ میں انسانی حقوق کی پامالی کر رہا ہے اور لوگوں پر ظلم کر رہا ہے'۔
    بتادیں کہ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان  وانگ وینبین نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ چین، بھارت کے غیر قانونی طریقے سے بنائی جانے والی لداخ یونین ٹریٹری کو تسلیم نہیں کرتا ہے۔
    ضلع لیہہ میں اپیکس باڈی نے اپنے مطالبات کو لے کر لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے 16 اکتوبر سے منعقد ہونے والے انتخابات سے بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی تھی تاہم بعد ازاں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ ملاقات کے بعد انہوں نے بائیکاٹ کی کال واپس لے لی۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS