ئی دہلی (یو این آئی): عام آدمی پارٹی کے لیگل سیل نے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف بدھ کو دہلی کی تمام ضلعی عدالتوں کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ عام آدمی پارٹی لیگل سیل کے صدر ایڈوکیٹ سنجیو نسیئر نے کہا کہ دہلی کے پٹیالہ ہاؤس، ساکیت، تیس ہزاری، دوارکا، ککڑڈوما اور روہنی کورٹ کے باہر زبردست مظاہرے کیے گئے۔
وکلاء نے کہا کہ مرکزی حکومت ایک منتخب وزیر اعلیٰ کے خلاف ظلم کر رہی ہے، اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وکلاء عدالت سے لے کر گلی کوچوں تک یہ جنگ پوری طاقت سے لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بھی ہر وکیل اروند کیجریوال اور ان کی حکومت کے ساتھ کھڑا ہوگا۔
مسٹر نسیئر نے کہا کہ دیگر وکلاء نے بھی ہمارا ساتھ دیا اور مسٹر کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف احتجاج میں شامل ہوئے۔ لیگل سیل کا احتجاج مزید جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کیجریوال نے وکلاء کے لئے بہت کام کیا ہے۔
مزید پڑھیں: دہلی ہائی کورٹ سے اروند کیجریوال کو راحت نہیں، اگلی سماعت تین اپریل کو
انہوں نے وکلاء کو چیمبرز میں ٹرم انشورنس، میڈیکل پالیسی اور سبسڈی والی بجلی کی سہولت فراہم کی ہے۔ جب تیس ہزاری کورٹ میں وکلاء پر گولی چلائی گئی تو مسٹر کجریوال کے اراکین پارلیمنٹ نے سب سے پہلے پارلیمنٹ میں آواز اٹھائی۔ اس طرح کیجریوال کے خلاف سازش رچی گئی۔ ایسے میں وکلاء نے مسٹر کیجریوال کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔