مرکز کے زیر انتظام خطے لداخ میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے سبھی 43 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور اس طرح سے زائد از تین لاکھ کی آبادی والا یہ پہاڑی خطہ کورونا وائرس سے پاک ہوگیا ہے۔
لداخ انتظامیہ کے ترجمان رگزن سیمفل نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ لداخ میں فی الوقت کورونا وائرس کا کوئی ایکٹو کیس نہیں ہے۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا، 'لداخ میں کورونا وائرس کے 43 معاملے سامنے آئے تھے۔ مزید 19 مریضوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آئے ہیں جس کے بعد انہیں
اسپتال سے رخصت کیا گیا ہے۔ اس طرح سے لداخ فی الوقت کورونا سے پاک ہوگیا ہے'۔
ان کا مزید کہنا تھا، 'خوش قسمتی سے لداخ میں 3 مئی کے بعد کورونا وائرس کا کوئی مثبت کیس سامنے نہیں آیا۔ ضلع کرگل کو 15 مئی کو ہی کورونا وائرس سے پاک
علاقہ قرار دیا گیا'۔
تاہم ایک اور سرکاری عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ موجودہ صورتحال کے چلتے لداخ کو 'کووڈ فری' خطہ قرار دینا جلد بازی میں لیا گیا فیصلہ ہوگا۔ بقول ان کے سبھی 43 کورونا وائرس مریضوں کی صحت یابی کے فوراً بعد لداخ کو کورونا وائرس سے پاک خطہ قرار نہیں دیا جاسکتا کیونکہ ٹیسٹنگ ایک جاریہ عمل ہے۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ وائرس سے متاثرہ سبھی مریضوں کی صحت یابی کے باوجود لداخ میں لاک ڈائون برابر جاری رہے گا۔ تاہم وزارت داخلہ کی ہدایات کے
مطابق پابندیوں میں جو نرمی دینی ہے وہ دی جائے گی۔