لیبر کوڈ پر مزدور تنظیموں کا مرکزی حکومت سے میٹنگ بلانے کا مطالبہ

0

نئی دہلی: مرکزی مزدور تنظیموں نے مرکزی حکومت سے چاروں لیبر کوڈ کے دستورالعمل کا تعین کرنے کے لیے (آف لائن)میٹنگ بلانے اور تمام کوڈ پر الگ سے بحث کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 
مرکزی مزدور تنظیموں نے جمعرات کو یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا کہ اس بابت مزدور اور روزگار کے مرکزی وزیر سنتوش کمار گنگوار کو ایک خط لکھا گیا ہے اور لیبرکوڈ پر وسیع، مفصل اور سنجیدہ غوروخوض کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ خط 22 دسمبر کو لکھا گیا ہے جس کی کاپی آج یہاں جاری کی گئی۔ غور طلب ہے کہ مسٹر گنگوار نے چاروں لیبر کوڈ کے دستورالعمل پر غور وخوض کرنے کے لیے آج ویڈیو میٹنگ بلائی ہے۔ 
مزدور تنظیموں نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت جمہوری عمل کا مذاق اڑا رہی ہے۔ ملک کے تقریباً 50 کروڑ مزدوروں کے بارے میں کوئی فیصلہ کچھ گھنٹے کی ویڈیو میٹنگ میں نہیں کیا جا سکتا۔ ویڈیو میٹنگ میں تمام مرکزی مزدور تنظیموں، ریاستی حکومتوں، دیگر اہم مزدور تنظیموں، صنعتی تنظیموں، اور دیگر فریق کو مدعو کیا گیا ہے۔
مزدور تنظیموں کا کہنا ہے کہ  لیبر کوڈ کے حوالے سے تمام فریق کے سنگین اعتراضات اور اندیشے ہیں جن پر کچھ گھنٹے میں غوروخوض نہیں ہو سکتا لہٰذا حکومت کو تمام لیبر کوڈ پر الگ سے غووخوض کرنا چاہیے اور تمام میٹنگ آمنے سامنے ہونی چاہیے تاکہ تمام فریق کو اپنی بات کہنے کا پورا موقع ملے اور ان کے اندیشوں کا ازالہ ممکن ہو۔ 
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ان لیبرکوڈ کو پارلیمنٹ میں شور شرابے کے درمیان بغیر کسی سنجیدہ بحث کے‘پاس کر دیا گیا اور ان پر حسب ضرورت غوروخوض نہیں کیا گیا ہے۔ 
خط پر انڈین نیشنل ٹریڈ یونینس کانگریس،آل انڈیا ٹریڈ یونینس کانگریس،ہندوستان مزدور سبھا،سینٹر فار ٹریڈ یونینس،آل انڈیا یونینس آف ٹریڈ یونین کانگریس، ٹریڈ یونین کانگریس کمیٹی، سیوا،آل انڈیا کانگریس کمیٹی آف ٹریڈ یونین کانگریس،لیفٹ پیپلس فرنٹ اور یونینس آف ٹریڈ یونین کانگریس کے نمائندوں نے دستخط کیے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS