کرناٹک: مدارس پر ضوابط کے خلاف ورزی کا الزام، رپورٹ طلب

0

بنگلورو(ایجنسیاں)کرناٹک میں حکمراں بی جے پی نے ریاست بھر میں چلائے جانے والے مدارس کی جانب سے مبینہ طور پر کی جانے والی اصولوں کی خلاف ورزیوں پر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ یہ جانکاری وزیر تعلیم بی سی ناگیش نے جمعہ کے روز مدیکیری میں دی۔ انہوں نےکہا کہ ریاست میں چلنے والے عربی اسکول قواعد و ضوابط کے مطابق نہیں چل رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ عربی اسکولوں میں دیگر زبانوں اور سائنس کی صحیح تعلیم نہیں دی جا رہی ہے۔وزیر تعلیم نے کہا کہ چونکہ بہت سے ماہرین تعلیم اور دیگر شخصیات نے اس سلسلے میں اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے، اس لیے محکمہ تعلیم کے کمشنر سے تفصیلی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت کم عربی اسکول ایسے ہیں جہاںضوابط پر عمل کیا جا رہا ہے۔ نیزبہت سے لوگ محکمہ تعلیم کی ہدایات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، جو شروع سے ہی واضح ہے۔ واضح رہے کہ ریاست میں 106 امداد یافتہ اور 80 غیر امدادیافتہ عربی اسکول چل رہے ہیں اور ہر سال تقریباً 27ہزار بچے عربی اسکولوں میں داخل ہوتے ہیں۔ ریاستی وزیر تعلیم نے کہا کہ سروے مکمل ہونے کے بعد تفصیلی معمولات حاصل ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ عربی اسکولوں میں داخلہ لینے والے اور زیر تعلیم بچوں کی تعداد میں کافی فرق ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک الزام ہے کہ بہت سے عربی اسکول کنڑ، انگریزی، ریاضی اور سائنس کے مضامین کی تعلیم کو کوئی اہمیت نہیں دے رہے ہیں، جبکہ جامع تعلیم تمام بچوں کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کی وجہ سے کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ مدارس سے نکلنے والے طلباتعلیمی لحاظ سے دوسرے بچوں کا مقابلہ نہیں کر پاتے!

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS