کولکتہ کی ایک خاتون ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے ملزم سنجے کو عمر قید کی سزا سنائی گئی

0

کولکتہ،(یو این آئی): مغربی بنگال کے سیالدہ کی ایک سیشن عدالت نے پیر کو کولکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج اور اسپتال میں ایک خاتون ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے ملزم سنجے رائے کو عمر قید کی سزا سنائی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج انیربن داس نے سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی طرف سے داخل چارج شیٹ میں پیش کیے گئے شواہد، گواہوں کے بیانات اور دفاعی دلائل سننے کے بعد رائے کو مجرم قرار دیا۔
سی بی آئی نے آج عدالت سے اس گھناؤنے جرم کے لئے ملزم کو موت کی سزا سنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ عدالت نے آج سہ پہر 3 بجکر 45 منٹ پر اس معاملے میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو عمر قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

اسے ایک نایاب معاملہ قرار دیتے ہوئے سی بی آئی نے مجرم کے لیے سزائے موت کی اپیل کی تھی، لیکن عدالت نے کہا کہ یہ ایسا معاملہ نہیں ہے۔
عدالت نے ریاستی حکومت کو متاثرہ ڈاکٹر کے اہل خانہ کو 17 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا بھی حکم دیا۔

متاثرہ دوسرے سال کی ٹرینی پوسٹ گریجویٹ طالب علم تھی اور ہسپتال میں بطور ٹرینی ریزیڈنٹ ڈاکٹر کام کر رہی تھی۔ گزشتہ سال 9 اگست کو، سنجے رائے، جو رات کی ڈیوٹی پر شہریوں کی مدد کے لیے رضاکارانہ طور پر کام کر رہے تھے، نے متاثرہ ڈاکٹر کو کمرے میں اکیلا پا کر زیادتی کا نشانہ بنایا اور بہیمانہ طریقے سے قتل کر دیا۔ اس کے خلاف کولکتہ سے لے کر ملک بھر میں مظاہرے ہوئے تھے۔

سپریم کورٹ نے اس معاملے کی جانچ کولکتہ پولیس سے سی بی آئی کو سونپ دی تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS