میونسپل الیکشن میں شکست کے بعد بنگال بی جے پی میں گھمسان شروع

0

کولکاتہ،(یواین آئی) : کولکاتہ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں بی جے پی کی کراری شکست کے بعد بی جے پی میں ہی ریاستی قائدین کے خلاف تنقید کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔میگھالیہ کے سابق گورنر اور بی جے پی کے سینئر لیڈر تتھاگت رائے نے کہا کہ کولکاتہ کارپوریشن کے انتخابات نے ثابت کردیا ہے کہ اگر پارٹی میں تبدیلی نہیں کی گئی تو پارٹی کی صورت حال وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بدترین ہوتی چلے جائے گی۔ واضح رہے کہ کولکاتہ کارپوریشن کے انتخابات کے نتائج کل سامنے آئے جس میں بی جے پی 2015کی کارکردگی کو بھی دہرانے میں ناکام رہی۔ 2021کے اسمبلی انتخابات کے مقابلے اس مرتبہ بی جے پی کے ووٹ فیصد کی شرح میں بھی 10 فیصد کمی آئی ہے۔بی جے پی سے زیادہ بائیں محاذ کے امیدوار دوسری پوزیشن پر رہی ہے۔ تتھاگت رائے نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کولکاتہ کارپوریشن کے انتخابات میں تمام الزامات ترنمول کانگریس پر لگانادرست نہیں ہے۔یقینا دھاندلی ہوئی ہے مگر اصل بات یہ ہے کہ بی جے پی اس ریاست میں صحیح معنوں میں اپوزیشن جماعت نہیں بن پا رہی ہے۔ کٹ منی ’سنڈیکیٹ‘ کرپشن میں ڈوبی بے ایمان پارٹی کبھی زندہ نہیں رہ سکتی۔ وہ اب بھی طاقت ور بنے ہوئے ہیں کیونکہ ان کی جگہ لینے والا کوئی نہیں ہے۔ تتھاگت رائے نے بائیں بازو کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ ’کوئی پارٹی چاہے تو ٹوٹ سکتی ہے اور دوبارہ اٹھ سکتی ہے۔‘ اس کیلئے شرح کا تجزیہ کرنا ہوگا، پارٹی میں اصلاح کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 2001 میں سی پی ایم نے جیوتی باسو کی جگہ نئی قیادت کو سامنے لائی مگر بعد میں اس تبدیلی کو تسلسل کرنے میں ناکام رہی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS