دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پرتبادلہ خیال
ریاض(ایجنسیاں):سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کو ورچوئل ویڈیو کال کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔ دونوں رہ نماؤں نے سعودی عرب اور عراق کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے حالیہ روابط کو سراہا ہے اور دونوں ملکوں اوران کے برادرعوام کے مفادات میں سعودی،عراقی رابطہ کونسل کے کردار کی اہمیت پر زوردیا ہے۔
جمعرات کو ویڈیو کے ذریعہ اس ورچوئل ملاقات کے بعد جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’دونوں لیڈروں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے،بالخصوص سیاست ، سکیورٹی ، تجارت ، سرمایہ کاری اور سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا ہے اور اس ضمن میں ماضی قریب میں عراقی اور سعودی حکام کے ایک دوسرے کے ملکوں کے دوروں کے مثبت نتائج کو سراہا ہے۔ خادم الحرمین الشریفین اور وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور سے متعلق عراق اور سعودی عرب کے درمیان قریبی تعاون برقرار رکھنے،دوطرفہ روابط اور تبادلہ خیال سے اتفاق کیا ہے۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مصطفیٰ الکاظمی کو مستقبل قریب میں سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی ہے تاکہ وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کرسکیں اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں کے علاوہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرسکیں۔