کیجریوال نے اسیم گپتا کےاہل خانہ سے اظہارتعزيت کی

0

نئی دہلی: وزیراعلی اروند کیجریوال نے جمعہ کے روز ڈاکٹر اسیم گپتا کے گھر پہنچ کر اہل خانہ سے ملاقات کی،جنہوں نے کورونا وائرس کے خلاف صف اول میں جنگ لڑتے ہوئے اپنی جان گنوائی ہے اور یہ کہہ کران کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا کہ دہلی ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ 
لوک نائک جے پرکاش اسپتال (ایل این جے پی) کے سینئر ڈاکٹر اسیم گپتا  کی گزشتہ 28 جون کو کورونا کی وجہ سے موت ہوگئی تھی۔ کیجریوال نے ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور انہيں ایک کروڑ روپے کے معاوضے کی رقم کا چیک فراہم کیا۔ 
اہل خانہ سے ملاقات کے بعد مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعلی نے کہا کہ " میں نے مرحوم ڈاکٹراسیم گپتا کے اہل خانہ سے ملاقات کی،جن کی کورونا وائرس سے موت ہوگئی ہے۔ ہم اس مقبول عام ڈاکٹر کو واپس لانے کے لیے تو کچھ نہیں کرسکتے ہیں،لیکن ان کے اہل خانہ کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ آج ان کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے کے معاوضے کی رقم دی گئی"۔ 
واضح رہے کہ ڈاکٹر اسیم گپتا ایل این جے پی اسپتال کے کووڈ 19 آئی سی یو میں بطورانستھیسیا اسپشلسٹ تعینات تھے۔9 جون کو انہيں کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا تھا، جس کے بعد انہيں ساکیت کے میکس اسپتال میں داخل کرایا گيا تھا، جہاں انہوں نے 29 جون کو  اتوار کی صبح دم توڑ دیا تھا۔ 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS