نئی دہلی،(یو این آئی) کجریوال حکومت نے سرکاری اسکیموں کا فائدہ دہلی کے تعمیراتی مزدوروں تک پہنچانے کے لیے شرمک متر اسکیم شروع کی ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ کیجریوال حکومت ان لوگوں کے خوابوں کو پورا کرنے کا کام کرے گی جنہیں قدرت کی طرف سے بہت کچھ نہيں ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی اسکیموں کے ذریعے ہمیں مزدوروں کے ذہن میں یہ اعتماد پیدا کرنا ہے کہ کیجریوال حکومت ان کی مدد کے لیے ہمیشہ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ اس اسکیم کے تحت 800 شرمک متر تعمیراتی مزدوروں کے گھروں تک پہنچ کر انہیں سرکاری اسکیموں سے جوڑیں گے اور انہیں دہلی حکومت کی طرف سے مزدوروں کے مفاد میں چلائی جانے والی اسکیموں کے بارے میں اطلاع دیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کوئی بھی مزدور حکومت کی طرف سے ملنے والی کسی بھی مدد سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکیمیں مزدوروں کے لیے بنتی ہیں لیکن مزدوروں کو اس کا علم نہیں ہوتا۔ اسی کے پیش نظر یہ پروگرام شروع کیا گیا جس کا مقصد مزدوروں کو ان اسکیموں کے فوائد سے بروقت آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت 700 سے 800 مزدور دوست تیار کیے جائیں گے جو ضلع، ودھان سبھا اور وارڈ کوآرڈینیٹر کے طور پر کام کریں گے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ تمام وارڈوں میں کم از کم تین سے چار مزدور دوست ہوں جو تعمیراتی مزدوروں کی مدد کر سکیں۔
دہلی حکومت کی طرف سے مزدوروں کو ملنے والی امداد کے تحت گھر کی تعمیر کے لیے تین سے پانچ لاکھ روپے، زچگی کے لیے 30000 روپے، اوزار خریدنے کے لیے 20000 روپے قرض اور 5000 روپے کی امدادی رقم، مزدوروں کی قدرتی موت پر ایک لاکھ روپے، حادثاتی موت پر دو لاکھ روپے، معذور ہوجانے کی صورت میں ایک لاکھ روپے اور 3000 روپے ماہانہ پنشن، اسکول کی تعلیم اور بچوں کی اعلیٰ تعلیم کے لیے 500 سے 10000 روپے ماہانہ، مزدوروں اور ان کے بچوں کی شادی کے لیے 35000 سے 51000 روپے۔ 2000 روپے طبی امداد کے لیے، 3000 روپے ماہانہ (ہر سال 300 روپے کا اضافہ) بڑھاپا پنشن کے طور پر دیا جاتا ہے۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS