کشمیر یونیورسٹی کے طلبا نے حکام سے سمسٹر فیس میں رعایت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
طلبا کا کہنا ہے کہ کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان کے والدین ناقابل برداشت مالی بحران سے دوچار ہیں جس کی وجہ سے وہ سمسٹر فیس کی ادائیگی سے قاصر ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ گذشتہ قریب ایک سال سے ہمیں فیس اور کمروں کا کرایہ ادا کرنا پڑرہا ہے جبکہ ہم اپنے گھروں میں بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کی وجہ سے ہمارے والدین اس پوزیشن میں نہیں ہیں کہ وہ فیس کی ادائیگی کر سکیں۔
موصوف نے کہا کہ یونیورسٹی میں بیشتر طلبا دور افتادہ علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں جنہیں فیس کے ساتھ ساتھ کمرہ کرایہ بھی ادا کرنا پڑتا ہے جو موجودہ حالات میں بہت کٹھن امر بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کو لیفٹیننٹ گورنر صاحب اور یو جی سی نے بھی بھر پور امداد کی ہے۔
طلبا نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے سمسٹر فیس میں رعایت کریں تاکہ طلبا کو مزید کسی پریشانی سے دوچار نہ ہونا پڑے۔